ڈاکٹر نعمان نعیم
کائنات کا وجود، اور اس میں ہونے والے تغیرات، جیسے مینھ برسنا، آندھیوں کا آنا، کہیں چلچلاتی دھوپ، اور کبھی دھوپ میں ہی بارش کا ہونا، ایسے ہی دریاؤں کا سوکھنا، آتش فشاؤں کا پھٹنا، دن رات کی آنکھ مچولی، ماہ وسال کا گزرنااور اس کے بدلتے اثرات، یہ سب اللہ جل شانہ کے وجود اور اس کی عظمت پردلالت کرتے ہیں، کہ کوئی ہے جوان انتظامات کو سنبھا ل رہا ہے، اور کوئی ہے جس کے ہاتھ میں ان تمام چیزوں کی ڈور ہے، تب ہی تو سمندر کی حدود قائم ہیں، اور وہ اپنی حد سے آگے نہیں بڑھتا، سورج روزانہ نئی جگہ سے طلوع ہوتا ہے، لیکن کبھی مغرب سے طلوع نہیں ہوا، بادل پانی ہی برساتا، آگ جلاتی ہی ہے، یہ تمام چیزیں اللہ رب العزت کے حکم کی محتاج ہیں، اور اسی کے فیصلے پر کاربند ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم میں اللہ جل شانہ نے ارشاد فرمایا :" اور ہم نے ہر چیز کو ناپ تول کے ساتھ پیدا کیا ہے"۔(سورۃ القمر:49۔آسان ترجمہ قرآن)
اور ایک جگہ ان تمام چیزوں کی تخلیق اور ان کے مسخّر ہونے میں غور وفکر کی دعوت دیتے ہوئے ارشاد فرمایا: بے شک، آسمانوں اور زمین کی تخلیق میں اور رات دن کے باری باری آنے جانے میں ان عقل والوں کےلیے بڑی نشانیاں ہیں۔(سورۂ آل عمران:190)ایسے ہی موسموں کا بدلنا بھی اللہ تباک وتعالیٰ کی قدرت کاملہ کا مظہر ہے۔
سردی ہو یا گرمی! ہر موسم عبادت کا موسم ہے، لیکن سردیوں میں کم وقت میں زیادہ ثواب کمانا نسبتاً آسان ہے۔ حضورِ اکرم ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے: موسمِ سرما مؤمن کا موسمِ بہار ہے کہ اِس میں دن چھوٹے ہوتے ہیں تو مؤمن ان میں روزہ رکھتے ہیں اور اس کی راتیں لمبی ہوتی ہیں تو وہ ان میں قیام کرتے (یعنی نوافل وغیرہ پڑھتے) ہیں۔ (شعب الایمان)
حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: سردی کا موسم مومن کے لئے موسم بہار ہے، اس کے دن چھوٹے ہوتے ہیں ،جن میں وہ روزے رکھ لیتا ہے اور اس کی راتیں لمبی ہوتی ہیں، جن میں وہ قیام کرلیتا ہے۔ (السنن الکبریٰ للبیہقی )حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: سردیوں کے روزے رکھنا مفت میں اجر کمانا ہے۔ (طبرانی)
ہمارے بزرگانِ دین موسم سرما کی آمد پر خوش ہوتے اور اِسے عبادت میں اِضافے کا موسم قرار دیتے تھے، جیسا کہ حضرت سیّدنا عبداللہ بن مسعودؓ موسمِ سرما کی آمد پر فرماتے: سردی کو خوش آمدید، اِس میں اللہ تعالیٰ کی رَحمتیں نازل ہوتی ہیں کہ شب بیداری کرنے والے کے لئے اِس کی راتیں لمبی اور روزے دار کے لئے دن چھوٹا ہوتا ہے۔ (فردوس الاخبار،ج 2)
حضرت ابو امامہؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تمہیں چاہیے کہ رات کو قیام (بطور خاص تہجد ادا) کرو۔ اس لیے کہ تم سے پہلے نیک بندوں کی عادت بھی یہی تھی، یہ تمہارا اپنے رب سے قربت حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، یہ عمل تمہاری برائیوں کو مٹانے والا اور تمہیں گناہوں سے بچانے والا ہے۔(جامع ترمذی،باب فی دعاء النبی ﷺ)
حضرت علی مرتضیٰ ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جنت میں ایسے شفاف کمرے ہیں کہ جن کے اندر کی طرف سے باہر کا سب کچھ نظر آتا ہے اور باہر کی طرف سے اندرکا سب کچھ نظر آتا ہے۔ ایک دیہاتی کھڑا ہوا اور عرض کیا کہ یارسول اللہﷺ !یہ کن کے لیے ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا، یہ اللہ نے ان لوگوں کے لیے تیار فرمائے ہیں جو نرم انداز میں گفتگو کرتے ہیں، غریبوں کو کھانا کھلاتے ہیں، اکثر روزے رکھتے ہیں اور راتوں کو اٹھ کر نمازیں (تہجد) پڑھتے ہیں، جب کہ لوگ سو رہے ہوتے ہیں۔(جامع الترمذی ،باب ماجاء فی صفۃ غرف الجنۃ )
اللہ تعالیٰ کے نیک بندے سردیوں کی راتوں میں عبادت کو محبوب جانتے تھے۔حضرت عمر فاروقؓ نے فرمایا: سردی کا موسم عبادت گزاروں کے لئے غنیمت ہے۔(موسوعۃ لابن ابی الدنیا،ج1) حضرت صفوان بن سلیمؒ گرمیوں میں گھر کے اندر اور سردیوں میں چھت پر نماز پڑھتےتھے، تاکہ نیند نہ آئے۔(حلیۃ الاولیاء،ج3)
حضرت سیّدنا عبید بن عمیر ؓ موسمِ سرما کی آمد پر فرماتے: اے اَہلِ قرآن! تمہاری قرأت کے لئے راتیں لمبی ہو گئی ہیں تو تم اِن میں قیام کرو، اور تمہارے روزوں کے لئے دن چھوٹے ہو گئے ہیں تو تم اِن میں روزے رکھو۔(احادیث الشتاء للسیوطی، ص97)
حضرت ابوعبداللہ محمد بن مفلحؒ فرماتے ہیں: سردی کے موسم میں رات کے اوّل حصّے اور گرمیوں میں دن کے اِبتِدائی حصّے میں ختمِ قراٰن مسنون ہے۔ (الآداب الشریعۃ لابن مفلح،ص688) سردیوں میں دن چھوٹے اور موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے بھوک اور پیاس کا اِحساس کم ہوتا ہے، لہٰذا اِس موسم میں روزے کا ثواب کمانا آسان ہے۔ رسول اکرمﷺ نے فرمایا: سردی کے روزے ٹھنڈی غنیمت ہیں۔(ترمذی،ج 2،ص210)
سردی کی وجہ سے نماز میں سُستی مت کیجئے، بلکہ سردی کی مشقّت پر صبر کرکے اَفْضَلُ الْاَعْمَالِ اَحْمَزُہَا (یعنی افضل ترین عمل وہ ہے جس میں مشقّت زیادہ ہو۔(تفسیرِ کبیر،ج1،ص431) نبی کریمﷺ نے فرمایا: جس نے سخت سردی میں کامِل وضو کیا اُس کے لئے ثواب کے دو حصے ہیں۔(مجمع الزوائد،ج1،ص542)
سردی کی شدت کی وجہ سےاکثر نرم گرم بستر کوچھوڑ کر اٹھ کر وضو کرنا اور مسجد جانا ایک شاق امر ہے، اسی لئے نبی کریم ﷺ نے اسے گناہوں کی مغفرت اور درجات کی بلندی کا سبب بتایا ہے۔ معلوم ہوا کہ سردی کا موسم کثرت کے ساتھ عبادات کرنے کےلیے ایک بہترین موقع ہے۔
یہ بات واضح ہوتی ہے کہ سردیوں کا موسم عبادت کا موسم بہارہے۔ چھوٹے چھوٹے دن ہیں، لمبی لمبی راتیں ہیں۔ دن کو روزہ رکھیں، نہ ہی بھوک اور نہ ہی پیاس ستاتی ہے۔ ان دنوں میں رمضان کے قضا روزے بھی آسانی سے رکھے جا سکتے ہیں۔ راتیں بہت لمبی ہیں۔
تلاوت، ذکر، درود پاک، نوافل، قضا نمازیں اور معتبر دینی کتب کا مطالعہ وغیرہ جیسی عبادات میں خرچ کریں۔ سرد موسم کے شب و روز عبادت و بندگی اور اللہ کے قرب و رضا کا بہترین ذریعہ ہیں، جو بندۂ مومن کے لیے کسی بیش بہا انعام سے کم نہیں۔