لاہور کے نواحی علاقے رانا ٹاؤن، فیروز والہ میں مبینہ طور پر زہریلے نوڈلز کھانے سے دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں جبکہ ایک کی حالت نازک ہے۔
بچ جانے والی بچی نے بتایا کہ ایک ماہ قبل خریدے گئے نوڈلز رات کو کھائے تھے جس کے بعد تینوں کو قے آنا شروع ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 4 سالہ جنت، 6 سالہ ماہین اور 12سالہ عیشال نے گزشتہ رات نوڈلز کھائے تھے، جس کے بعد ان کی حالت بِگڑ گئی، انہیں میو اسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں جنت اور ماہین دم توڑ گئیں، جبکہ عیشال کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کے مطابق رانا ٹاؤن میں واقع اُس سپر اسٹور کو سیل کر دیا گیا ہے جہاں سے متاثرہ فیملی نے نوڈلز خریدے تھے، اسٹور منیجر شرافت علی کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور فرانزک کی ٹیموں سے نوڈلز کا تجزیہ بھی کروایا جا رہا ہے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تینوں بچیوں کا والد افضال دبئی میں کام کرتا ہے، پولیس نے بچیوں کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق نوڈلز کھانے کے بعد تینوں بچیوں کی حالت بگڑ گئی تھی جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال پہنچایا گیا۔
دو بچیاں ماہین اور جنت دوران علاج دم توڑ گئیں جبکہ ایشال کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق نوڈلز کو معائنے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔