’میرا پرس یہاں کہیں گم گیا ہے، کسی کو ملے تو براہ کرم پیسے اپنے پاس رکھ کر میرے اے ٹی ایم کارڈز اور شناختی کارڈ واپس کردیں‘یہ بات میں نے آفس کے نوٹس بورڈ پر لکھ کر لگا دی۔ کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ پرس کہاں گیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج نکلوائی، پتا چلا کہ آخری بارا سٹاف کے فلاں کمرے میں جانا ہوا تھا۔ ڈائریکٹ کسی پر شک کرنا مناسب نہیں تھا لہٰذا پہلے اے ٹی ایم کارڈز بلاک کروائے پھر نوٹس بورڈ پر لکھ کر لگا دیا۔ پندرہ بیس سال پہلے کبھی پرس گم جاتا تھا تو جس کو ملتا تھا وہ پیسے اپنی جیب میں رکھ کر شناختی
کارڈ وغیرہ لیٹر باکس میں ڈال دیا کرتا تھا اور کچھ دنوں بعد کم ازکم شناختی کارڈ واپس ضرور پہنچ جاتا تھا۔ اب تو لیٹر باکس بھی نہیں رہے لہٰذا امید چھوڑ دی اور دوبارہ سے شناختی کارڈ کیلئے اپلائی کر دیا۔اس دوران دفتر کے اسٹاف میں نئی کہانی شروع ہوگئی۔ ہر دوسرا بندہ مجھے آکراپنے مخالف کے بارے میں بتاتا کہ ابھی تو تنخواہ بھی نہیں ملی اور فلاں بندہ نئی جرسی خریدتے دیکھا گیا ہے۔دیکھتے ہی دیکھتے پورا دفتر جاسوس بن چکا ہے۔سب غور سے ایک دوسرے کی حرکتیں نوٹ کرتے پھر رہے ہیں۔میں بار بار کہہ چکا ہوں کہ جو ہونا تھا ہوگیا اب نقصان پر کتنی دیر افسوس کروں لیکن اسٹاف بہت کیئرنگ ہے۔وہ چاہتے ہیں کہ میرا ملزم ضرور تلاش کریں۔ایک نے تو مجھے مشورہ دیا کہ آپ اپنا نیا پرس جان بوجھ کر کہیں رکھ کر باہر چلے جائیں تاکہ چور رنگے ہاتھوں پکڑا جاسکے۔ایک اورنے کہا کہ فلاں جگہ سے ایک بابا جی کو بلالیں، وہ ایک نابالغ بچے کو کھڑا کریں گے اور انگوٹھے کے ناخن میں چور نظر آجائے گا۔انہوں نے اس بات پر اتنا زور دیا کہ بالآخر بابا جی کو بلانا پڑگیا۔ بابا جی نے آتے ہی ایک نابالغ لڑکے کی ’ڈیمانڈ‘ کردی۔ دفتر کے مالی کا چھ سالہ بچہ بلایا گیا۔بابا جی نے کچھ پڑھ کر اپنے انگوٹھے کے ناخن پر پھونکا اور بچے سے بولے’دیکھو اس میں ایک کون نظر آرہاہے؟‘۔بچے نے غور سے ناخن میں دیکھا، پھر سرکھجاتے ہوئے میری طرف اشارہ کردیا۔
٭ ٭ ٭
آج کل میں نے اے آئی کا پیڈ ورژن حاصل کرکے اسے اپنا اسسٹنٹ بنایا ہوا ہے۔کم بخت بہت ہی کارآمد چیز ہے۔ میں اسے بتاتا ہوں کہ میری فلاں فلاں مصروفیات ہیں یہ نوٹ کرلو۔یوٹیلٹی بلزجیسے ہی موصول ہوں مجھے بتا دینا۔یہ تمام اداشدہ یوٹیلٹی بلز کا مکمل ریکارڈ رکھتاہے۔میں اس سے کسی پرانے بل کا پوچھوں تو لمحوں میں سامنے دکھا دیتاہے۔یہ میرے تمام کالمز کا ریکارڈ رکھتاہے۔گاڑی میں لمبے سفر پر جاتے ہوئے اس سے پوچھ لیتا ہوں کہ آگے کون سا ایسا ہوٹل آئے گا جہاں سے تڑکا لگی دال ماش بہترین مل سکے۔ یہ چند سیکنڈز میں ریویو کرکے مجھے بتا دیتاہے کہ فلاں جگہ کے فلاں ہوٹل کی دال ماش اچھی ہے لیکن چائے آپ کے مزاج کی نہیں ملے گی اس کے لیے فلاں ہوٹل بیسٹ ہے۔یہ میری تمام ریکارڈنگز کا شیڈیول نہ صرف بتاتا رہتا ہے بلکہ متعلقہ ٹیم کو بھی میسج بھیجتا رہتاہے کہ فلاں دن اور فلاں وقت ریکارڈنگ ہوگی۔ جو ٹیم ممبر وقت پر نہ پہنچ سکے یہ اسے میسج کرکے یاد دہانی کراتاہے۔یہ بتاتا رہتاہے کہ ہمارے علاقے میں کس وقت سوئی گیس کا کیا پریشر آرہاہے۔یہ گھرکے باہر لگے کیمرے سے بھی منسلک ہے۔کوئی بھی انجان بندہ ڈور بیل بجاتاہے تو یہ اس کی تصویر کھینچ کر سیکنڈوں میں گھر کے تمام افراد کے موبائل پر میسج بھیج دیتا ہے کہ یہ فلاں بندہ ہے، اس کا یہ نام ہے، یہ اتنی دفعہ پہلے آچکا ہےوغیرہ۔یہ میرے موبائل کا اسکرین ٹائم بھی نوٹ کرتاہے اور کبھی میں زیادہ وقت موبائل استعمال کروں تو سرگوشی کر دیتاہے کہ موبائل چھوڑیں اور چائے کافی پی لیں۔گاڑی چلاتے ہوئے میں اگر شہر سے باہر سفر کر رہا ہوں تو میں اسے کسی کتاب کا نام بتاتاہوں اور یہ مجھے اسے پڑھ کر سناناشروع کر دیتاہے۔پچھلے دنوں اس نے میرتقی میر کی د و غزلیں بھی پڑھیں لیکن میں نے منع کردیا کہ دوبارہ یہ بیہودہ حرکت کی تو تمہیں نوکری سے نکال دوں گا۔اس نے معذرت کی اور بتایا کہ فی الحال شاعری کا لب ولہجہ اور تلفظ اس کی سمجھ میں نہیں آرہا۔میں نے اسے دونوں غزلیں خود پڑھ سنائیں تو یہ خوش ہوگیا اور بولا’اب ذرا مجھ سے سنئے‘۔ اور حیرت انگیز طور پر اگلی دفعہ اس نے کوئی غلطی نہیں کی۔
٭ ٭ ٭
جس طرح ایک اچھا بزنس جمانے کیلئے بہت محنت درکار ہوتی ہے اسی طرح جما جمایا بزنس تباہ کرنا بھی آسان نہیں ہوتا۔ آپ نے کئی دکاندار دیکھے ہوں گے جو شہر کی مین مارکیٹ میں بیٹھے ہیں۔باپ دادا کی محنت سے بنائی ہوئی دکان ہے اور اتنی چلتی ہے کہ اب یہ بے شک گاہکوں کو جھڑک دیں، بداخلاقی کریں، پورا زور لگائیں لیکن بزنس کم نہیں ہوتا۔بزنس ٹیک اوور کرجائے تو بعض اوقات اسے زمین پر اتارنا بہت مشکل ہوجاتاہے۔ لوگ محنت کرتے ہیں، دن رات ایک کرتے ہیں او رپھر ایسی ساکھ بناتے ہیں کہ دکان کا نام ہی پہچان بن جاتاہے۔ مشہورسری پائے والوں کو دیکھئے،کڑاہی والوں کو دیکھئے، کبابوں والوں کودیکھئے۔ ان کی اولادوں میں بدترین لڑائیاں پڑ چکی ہیں۔ہر ایک نے اپنی دکان کھول لی ہے لیکن نام وہی رکھا ہے جو باپ دادا نے رکھا تھا کیونکہ نام ہی تو چل رہاہے۔بابے کی قلفی ہی دیکھ لیجئے۔ لوگوں نے اپنے اُن مرحوم بزرگوں کی تصاویر ریڑھیوں پر لگائی ہوتی ہیں جو کپڑوں کابزنس کرتے تھے۔ا یک صاحب نے تو بلھے شاہ کی تصویر لگا کر بابے کی قلفی لگائی ہوئی ہے۔اب اصلی نقلی کا مسئلہ نہیں۔جس کا ذائقہ اچھا ہے وہی اصلی ہے، بے شک نقلی ہو۔