اختلاف رائے کے باوجود ہونی تو ہوکر رہنی ہے استصواب رائے یعنی ریفرنڈم تیار ہے اور پھر ریفرنڈم کے نتائج کی بنیاد پر نئے صوبے بھی بننے ہیں۔ نتائج جو بھی ہوں طاقتیہ اب سیاسیہ سے مفاہمت کرکے تھک چکی ہے، طاقتیہ کے نقطہ نظر کے مطابق سیاسیہ نے اکٹھے ہوکر کالا باغ ڈیم نہیں بننے دیا، چھ نہروں کا منصوبہ روک دیا، معدنیات کے خزانوں تک میں رکاوٹیں ڈال رکھی ہیں اور نئے صوبوں کے حوالے سے مخالفت کررہی ہے طاقتیہ نے بار بار لچک دکھائی مگر اس بار وہ سیاسیہ کی بات سننے یا اسے منانے کو تیار نہیں کیونکہ طاقتیہ کو پچھلے چار سال کے زیاں کا احساس ہے اور وہاں تاثر یہ ہے کہ مسلسل پسپائی سے طاقتیہ نہ صرف بے اثر ہورہی ہے بلکہ ملک کی بہتری کیلئے اس کا جو ایجنڈا ہے وہ مسلسل ملتوی ہورہا ہے۔ طاقتیہ بجا طور پر یہ سمجھتی ہے کہ انہیں باہر تو کامیابیاں مل رہی ہیں مگر اندر انہیں مسلسل ناکامیوں کا سامنا ہے، بیرون ملک طاقتیہ نے اپنی فتح کے جھنڈے گاڑے ہیں عسکری اور سفارتی شعبوں میں اس پر ہر طرف داد کے ڈونگرے برسائے جارہے ہیں مگر ملک کے اندر کبھی ایک سیاسیہ اور کبھی دوسری سیاسیہ اس کیلئے مشکلات کے پہاڑ کھڑےکرتی رہی ہیں، اب طاقتیہ یکسو ہے کہ کچھ بھی ہو، استصواب رائے اور نئے صوبوں کے بارے میں پیچھے نہیں ہٹنا اور اس حوالے سے اسے کافی ٹال مٹول اور ردوقدح کے بعد اقتدار پر اور بالخصوص شہبازیہ کی مکمل اور نوازیہ کی ہچکچاہٹ والی حمایت حاصل ہے بلاولیہ کی زوردار مخالفت سے طاقتیہ کے ارادے میں کمزوری نہیں بلکہ اور زیادہ سختی آگئی ہے۔
طاقتیہ تو جو چاہے کرنے پر قادر ہے پنجاب میں نئے صوبوں کیخلاف کوئی مزاحمت ہی نہیں، پختونخوا،اور بلوچستان میں حالات خراب ہیں وہاں سرے سے کوئی سیاست ہی نہیں ہے، جنگ ہورہی ہے فاتح جو بھی فیصلہ کرے دشمن اسکا کیا کرسکتے ہیں آجاکہ سندھ میں سیاسیہ کا مسئلہ ہے طاقتیہ اسکی پروا کرنے کو تیار نہیں ،پیپلز پارٹی کے اندر بھی سرنگ لگائی ہوئی ہے اور متبادل انتظامات بھی کر رکھے ہیں سو مسئلہ ہی کوئی نہیں۔ پنجاب سب سے بڑا ہے مگر پنجابی قومیت کی سوچ مفقود ہے۔ مریم نواز نے لاہور میں پنجابی اقوال سڑکوں پر لکھوائے ہیں مگر حال یہ ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ پنجابی میں اس سال صفر داخلے ہوئے ہیں حالانکہ یہ لاہور کی واحد جامعہ ہے جہاں پنجابی پڑھائی جاتی ہے۔ بے حسی اور بے شعوری کا یہاں یہ حال ہےکہ شادیوں اور کانفرنسوں میں تو بڑی شان سے پنجابی پگڑی کا رواج زوروں پر نظر آرہا ہے مگر 99 فیصد پڑھے لکھےافراد بھی پنجابی پڑھنے سے قاصر ہیں۔ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کی دانشوریہ نئے صوبوں کے قیام پر خوش ہوگی کیونکہ وہاں سرائیکی اور ریاستی شعور لاہور اور گوجرانوالہ کے پنجابی شعور سے کہیں بڑھ کر ہے ۔ سندھ کا معاملہ البتہ جدا، منفرد اور مختلف ہے وہاں سندھی شعور بہت زوروں پر ہے اور پیپلز پارٹی اگر سندھ کی تقسیم پر خاموش بھی رہے تو پیپلز پارٹی کیلئے سندھ میں سیاست کرنا دشوار ہو جائےگا ۔ایوب کھوڑو نے ون یونٹ کی قرارداد اسمبلی سے منظور کروائی تو سندھ نے انہیں کبھی اس پر معاف نہ کیا اور پھر وہ اپنی زندگی میں کبھی دوبارہ الیکشن جیت نہیں سکے تھے، سندھ میں ہر سیاسیہ کھوڑو والے انجام سے لرزاں ہے۔
طاقتیہ جو چاہے وہ کرسکتی ہے اور یہ قلم کار چونکہ طبقہ بزدلیہ سے تعلق رکھتا ہے اسلئے چوں بھی نہیں کرسکتا مگر نصابی بحث کی خاطر عرض ہے کہ اتفاق رائے، اختلاف رائے،کثرت رائے اور استصواب رائے میں بہت فرق ہے۔ پاکستان کا آئین ایک متفقہ دستاویز ہے یعنی یہ اکثریت کی رائے سے نہیں اتفاق رائے اور مفاہمت سے بناہے، یہ صرف اکثریت کی طاقت سے نہیں بنا بلکہ اس میں چھوٹے صوبوں، مذہبی فرقوں اور اقلیتوں کے اختلاف رائے کو بھی سمویا گیا ہے اتفاق رائے اور مفاہمت کے پیچھے کئی معاہدے ، کئی وعدے اور بہت سا لین دین ہوتا ہے، اسی لئے اسے متفقہ اور مفاہمانہ دستاویزکہتے ہیں اسے مقدس دستاویز اور اعلیٰ ترین قانونی اور سیاسی درجہ حاصل ہے۔پاکستان کا آئین متفق علیہ ہے اور اٹھارہویں ترمیم بھی اسی طرح متفق علیہ ہے۔ اب اگر ان میں کوئی ساختیاتی یا بڑی تبدیلی کرنی ہے تووہ افہام و تفہیم یا اتفاق رائے پیدا کرکے ہی کی جا سکتی ہے جبری کثرت رائے سے کی گئی تبدیلی اتفاق رائے سے کی گئی تبدیلی کا نہ نعم البدل ہو تی ہے اور نہ یہ متفق علیہ کی طرح دیرپا ہوتی ہے۔ جس طرح فل بنچ یا پانچ ججوں کے کیے گئے فیصلے کو ڈویژن بنچ یا دوججوں کا بنچ ختم نہیں کرسکتا اسی طرح اتفاق رائے کو کثرت رائے سے بدلا نہیں جاسکتا۔ قائد اعظم کےزمانے کی مسلم لیگ کے دستور میں لکھا تھا کہ سب سے بڑی فیصلہ ساز باڈی کنونشن یا اجلاس عام ہے جبکہ اس سے چھوٹا فیصلہ ساز ادارہ ورکنگ کمیٹی یا منتخب پارلیمانی کمیٹی ہے۔ بنگالی بھائی1940ء کے کنونشن میں منظور کی گئی مختلف خطوں کی قرار داد کو1946میں منتخب نمائندوں کے ذریعے ایک خطے یعنی ایک پاکستان بنانےپر ہمیشہ چیں بہ جبیں رہے اور وہ اس فیصلے کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے تھے۔ آئین کا معاملہ نازک اور حساس ہے اسے بازیچہ اطفال نہ بنایا جائے، اے کے بروہی اور شریف الدین پیرزادہ تو آئین کی ویلڈنگ کرکے اسے آمرانہ دور سے گزرنے کے قابل بناتے تھے اب اگر آئین کی بنیادی ساخت، نئے صوبوں کا قیام یا وسائل کی تقسیم جیسی تبدیلیاں درکار ہیں تو ان کا حل ریفرنڈم میںنہیں اتفاق رائے میں ہے، اگر اکثریت ریفرنڈم میں 51فیصد ووٹ بھی دیدے توپھر بھی49فیصد اختلافی ووٹ تو نئے صوبوں اور وسائل کی نئی تقسیم سے اختلاف رائے رکھیں گے۔ آئین ایک سیاسی اور سماجی اجماع ہے اور ریفرنڈم صرف ایک فرقے کے قاضی یا مفتی کا فتویٰ ۔ اتفاق رائے کی وجہ سے آئین 53سال میں معمولی ردوبدل کے علاوہ اسی طرح قائم ودائم ہے، 3ریفرنڈموں یا استصواب رائے کے فیصلوں سے حکومتیں تو بنتی رہی ہیں مگرانکا نہ کوئی قانون وقت کے امتحان یا آزمائش میں کامیاب ہوا نہ انکا سیاسی ورثہ ہی آگے چل سکا۔ ہماری عدلیہ، مقننہ، انتظامیہ ، میڈیا اور حتیٰ کہ طاقتیہ سب آئین کی پیداوار ہیں اور ان سب کا دائرہ کار بھی آئین ہی نے طے کیا ہے، اقتدار یہ، حکومتیہ اور طاقتیہ سب آئین پر ہی حلف اٹھانے کے پابند ہیں۔ ریفرنڈم کے ذریعے آئین کے آرٹیکل239کو بائی پاس کرنا شریف الدین پیرزادہ کی آئینی جادوگری اورویلڈنگ کی بجائے آئین کی ری میکنگ، ری سیٹنگ اور ری بلڈنگ ہوگا۔
آئین، اتفاق رائے اورافہام و تفہیم (Consensus) سے بنا ہے، ترامیم کثرت رائے(Majority rule) سے طے ہوئیں۔ استصواب رائے (Plebiscite/Referendum) اہم سیاسی یا آئینی معاملے پر عوام سے براہ راست حمایت لینےکیلئے ہوتا ہے۔ پاکستان کے سب بڑے فیصلے جیسے1940کی قرار داد پاکستان،1973ء کا آئین اور دہشت گردی کیخلاف جنگ سب اتفاق رائے ہی سےطےہوئے ہیں۔ استصواب رائے یا ریفرنڈم سے ایوب خان ، ضیاالحق اور پرویز مشرف نے اپنے مارشل لا کی عوامی حمایت حاصل کی تھی۔ تاریخ کا فیصلہ ہے کہ ماضی کے یہ ریفرنڈم، ایجنڈم، ڈرامہ ڈم اوردھاندلم سے تعبیر کیے گئے ۔موجودہ طاقتیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ابھی تک آئین سے چھیڑ چھاڑ نہیں کی، مارشل لاکی کوئی خواہش ظاہرنہیں کی اس لئےبہتر ہو گا کہ وہ سیاسیہ کے اختلاف رائے کواتفاق رائے میں بدلنے کی کوشش کرے ، رہی بزدلیہ کی رائےتواس کو اظہارِ رائے کی آئینی شق کے تحت نظر اندازفرمائیں۔