چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی گروپ تصویر میں صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف بھی کھڑے ہیں۔ اسی دورے میں وہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملے۔ چند ہفتے بعد وائٹ ہاؤس کے اوول آفس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی ملاقات کی تصاویر سامنے آئیں۔ ان مواقع پر پاکستان کے وزیراعظم کا نفیس لباس، رکھ رکھاؤ اور پُراعتماد انداز دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔ کسی بھی پاکستانی کیلئے یہ اطمینان کی بات ہے کہ اس کا وزیراعظم عالمی رہنماؤں کے درمیان وقار کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کرتا دکھائی دیتا ہے۔ان ملاقاتوں کی اہمیت پاکستان کے سفارتی اور دفاعی کردار سے بھی جڑی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان لڑائی رکوانے اور مذاکرات آگے بڑھانے کی کوششوں میں پاکستان نے ثالثی کی۔ مئی 2025میں بھارت کے ساتھ فوجی تصادم میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں جنگ بندی ہوئی۔ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی تعاون میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ اس وابستگی میں حرمین شریفین کی سلامتی پاکستانیوں کیلئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ ایسے معاملات پر جب وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں سے ملتے ہیں تو ان کا اعتماد، اندازِ گفتگو اور خوب صورت و شاندار لباس بھی توجہ کھینچتے ہیں۔
یہ سب باتیں ذہن میں آئیں جب17نومبر کو دی نیوز میں شہباز شریف کی خوش لباسی کے بارے میں خبر پڑھی۔ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی ایک تقریب میں ایک برطانوی سفارت کار نے انہیں ”دنیا کا سب سے خوش لباس رہنما“ کہا اور ان کے ڈبل بریسٹڈ سوٹ پہننے کے انداز کو سراہا۔ مردانہ فیشن کے معروف مبصر ڈیرک گائے بھی انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں ان کے خاکی ڈبل بریسٹڈ سوٹ کی نفیس تراش کی تعریف کر چکے تھے۔ خبر پڑھتے ہی مجھے چند ہفتے پہلے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ہونے والی ملاقات یاد آ گئی۔اس روز شام سات بجے وزیراعظم آفس کے پروٹوکول سے فون آیا۔ بتایا گیا کہ اگلے دن صبح ساڑھے دس بجے وزیراعظم ہاؤس میں میری ملاقات طے ہے۔ گاڑی کا نمبر اور شناختی کارڈ کی تفصیل فراہم کی اور اگلی صبح روانہ ہوا۔ وزیراعظم ہاؤس کی طرف جاتی کشادہ سڑک کے کناروں سے چھوٹی چھوٹی پگڈنڈیاں نکلتی دکھائی دیتی تھیں۔ باہر سکون تھا۔ سیکورٹی کے مراحل سے گزر کر جس کمرے میں مجھے بٹھایا گیا، وہاں سے عملے کی مسلسل آمدورفت نظر آ رہی تھی۔ صاف ستھرے لباس اور کام میں مستعدی سے اندازہ ہوتا تھا کہ دفتر میں مناسب لباس، صفائی اور وقت کی پابندی کو اہمیت دی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی پہنچ چکے تھے۔ کچھ دیر بعد اندر سے بلاوا آ گیا۔شہباز شریف نے گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ان کے سوٹ کی تراش اور ٹائی کا انتخاب پہلی نظر میں توجہ کھینچتے تھے۔ سلام دعا کے بعد بات جاپان کی طرف مڑ گئی۔ جاپانیوں کی محنت، دیانت اور وقت کی پابندی کا ذکر کرتے کرتے وہ اسی کی دہائی میں جا پہنچے۔ اتفاق فاؤنڈری کا کاروبار عروج پر تھا اور ان کے والد میاں محمد شریف پاکستان میں ہونڈا کی گاڑیاں تیار کرنا چاہتے تھے۔ کمپنی سے مذاکرات کی ذمہ داری شہباز شریف کو سونپی گئی۔
انہیں ایک سفر خاص طور پر یاد تھا۔ ایک طویل بیرونی سفر سے لوٹے ہی تھے کہ چند گھنٹے بعد انہیں پھر جاپان روانہ ہونا پڑا۔ بیجنگ کے راستے جاپان پہنچے، ہونڈا کے نمائندوں سے کئی گھنٹے مذاکرات کیے اور اسی شام لندن کی پرواز پکڑ لی۔ وہاں ملاقاتیں نمٹا کر پاکستان واپس آئے۔ ان کے بقول، ہونڈا سے بات خاصی آگے بڑھ چکی تھی۔ پھر خاندانی کاروبار کی تقسیم شروع ہوئی اور ان کے والد نے موجودہ کاروبار پر توجہ دینے کو ترجیح دی۔ ہونڈا کی گاڑیاں بالآخر دوسرے شراکت داروں کے ذریعے پاکستان میں بننے لگیں۔ انہیں خوشی تھی کہ یہ صنعت پاکستان میں آ گئی۔اسی گفتگو میں بات سوشی سے ہوتی ہوئی حلال کوبے بیف تک پہنچی۔ جاپان کا یہ مہنگا گوشت اپنی نرمی اور ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ تاجیما نسل کے مویشیوں کی پرورش اور خوراک پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ شہباز شریف نے اپنی پسند کا ذکر کیا اور اس بارے میں میری بتائی ہوئی تفصیلات بھی توجہ سے سنیں۔ان کے روزمرہ معمول کے بارے میں مجھے بتایا گیا کہ وہ صبح تین اور چار بجے کے درمیان اٹھتے ہیں، پہلے ڈیڑھ گھنٹہ تیراکی کرتے ہیں، پھر نماز ادا کرتے ہیں۔ سات بجے میڈیا ٹیم انہیں اہم خبروں سے آگاہ کرتی ہے، جس کے بعد وہ دن کی ترجیحات طے کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنے والے جانتے ہیں کہ ذمہ داری ملنے کے بعد پیش رفت بھی بتانا پڑتی ہے۔ کبھی وہ خود موقع پر پہنچ کر دیکھ لیتے ہیں کہ کام کہاں تک پہنچا۔وزیراعظم کے قریبی ساتھی اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے ایک دفعہ مجھے بتایا کہ جب شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو لاہور میں ایک پل زیرِ تعمیر تھا۔ انہوں نے رانا مشہود سے کہا کہ رات دو تین بجے اچانک وہاں جا کر دیکھیں کہ کام ہو رہا ہے یا نہیں۔ رانا مشہود پہنچے تو شہباز شریف ان سے پہلے موجود تھے اور خود معائنہ کر رہے تھے۔ مجھے یوں لگا کہ اس رات کام کی رفتار کے ساتھ رانا مشہود کی فرض شناسی بھی پرکھی جا رہی تھی۔
آج شہباز شریف کی اتحادی حکومت کو بیرونی مسائل کے ساتھ اندرونی سیاسی چیلنجوں کا بھی سامنا ہے۔ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل پر بحث تیز ہو رہی ہے اور اتحادی جماعت پیپلز پارٹی بھی اس معاملے پر حکومت سے اختلاف کر رہی ہے۔ میری رائے میں پاکستان کے مفاد میں ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے اور یہ اختلافات بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔