• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ایک حالیہ اجلاس کی کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی جامعات عالمی درجہ بندی میں بہتر مقام حاصل کر رہی ہیں۔ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی بریفنگ کے بموجب پاکستان کی دو جامعات قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد نے’’ کیو ایس‘‘ کی عالمی درجہ بندی 2027ءمیں دنیا کی پانچ سو یونیورسٹیوں میں نمایاں جگہ بنائی ہے۔ قائد اعظم یونیورسٹی 381ویں اور نسٹ 384ویں نمبر پر ہے۔ خبر کے مطابق دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کی فہرست میں اوپر کے ایک ہزار نشانات پر جگہ پانے والی یونیورسٹیوں میں پاکستان کی 12جامعات شامل ہیں۔ ’’کیو ایس‘‘ (Quacquareile semond-QS) ایک بین الاقوامی ادارے کا نام ہے جو جامعات کا تدریس، تحقیق، علمی معیار اور بین الاقوامی تعاون جیسے پیمانوں سے جائزہ لیتا ہے۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستانی جامعات کے عالمی سطح پر موجودہ مقام کی نشان دہی کیلئے ’’کیو ایس‘‘ کا جو حوالہ دیا وہ ان کے بیان کی درست تفہیم کرتا ہے۔ تاہم اس پیش رفت کو جامع انداز میں سمجھنےکیلئے ٹائمز ہائر ایجوکیشن سمیت عالمی سطح پر مختلف پیمانوں سے جائزہ لینے والے دوسرے اداروں کی درجہ بندی کو بھی سامنے رکھنا ضروری ہے۔ یہ تجزیے بھی پاکستانی جامعات کے معیار اور عالمی درجہ بندی میں بتدریج بہتری کی نشان دہی کرتےہیں۔

اس پیش رفت کو پاکستان کے تاریخی تعلیمی سفر کے تناظر میں دیکھا جائے تو اس کی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔ اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کی سالانہ رپورٹ 2013-2014 کے مطابق قیام پاکستان کے وقت موجودہ پاکستان کے جغرافیائی خطے میں صرف دو جامعات (پنجاب یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی) موجود تھیں۔ یہ تعلیمی سفر انتہائی دشوار حالات میں شروع ہوا۔ نئی مملکت کو لاکھوں مہاجرین کی آباد کاری، مالی وسائل کی شدید قلت، انتظامی ڈھانچے کی تشکیل اور دیگر بے شمار مسائل کا سامنا تھا۔ اس کیفیت کے باوجود پاکستان میں ہر سطح پر تعلیم کےفروغ کی کاوشیں جاری رہیں۔ آج ملک میں 278 جامعات موجود ہیں۔ جن میں 163 سرکاری اور 115 نجی شعبے کی ہیں۔

جامعہ یایونیورسٹی کسی بھی تعلیمی نظام کا وہ اہم مرحلہ ہے جہاں طالب علم اپنے سفر میں علمی پختگی، مہارت اور مزید ارتقا کے مواقع حاصل کرتا ہے۔ جامعہ محض ڈگریاں دینے والا ادارہ نہیں بلکہ ایسا علمی مرکز ہے جہاں تحقیق ، نئی سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور معاشرے کی فکری رہنمائی کو فروغ ملتا ہے۔ کسی قوم کی ترقی کا اندازہ لگانے کا ایک پیمانہ یہ بھی ہے کہ اس کی جامعات کا علمی معیار کیا ہے؟ وہاں تحقیقی سرگرمیاں کس مقام پر ہیں؟ اور نئے علوم کی تخلیق کی کیفیت کیا ہے؟ بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح تعلیم کے ہر مرحلے کو قومی تعمیر ، کردار سازی اور خود انحصاری کا ذریعہ سمجھتے تھے۔ قیام پاکستان کے تیسرے مہینےمیں(27 نومبر 1947ء کو) کراچی میں منعقدہ پہلی آل پاکستان ایجوکیشنل کانفرنس میں وہ اپنی علالت کے باعث شریک نہ ہو سکے مگر انہوں نے اس کانفرنس کے نام جو پیغام بھیجا وہ ایک ایسی ریاست کی تصویر کشی کرتا ہے جوعلم، ہنر، سائنس اور پیداوار کے ذریعے اپنے پائوں پر کھڑی ہو۔ ان کے نزدیک نئی مملکت کیلئے یہ ضروری تھا کہ نوجوان جدید علوم و فنون سے آراستہ ہوں۔ سائنسی اورفنی تعلیم کو ملکی معیشت کی تعمیر کے حوالے سے فوری ضرورت قرار دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اس لیے پاکستان کو بھی اس مقابلے کے لئے تیار کیا جانا ضروری ہے۔

قائد اعظم کی رحلت قیام پاکستان کے تیرھویں مہینے میں ہی(11ستمبر 1948 کو) ہو گئی تھی مگر اس دوران بھی ان کے وژن کو عملی شکل دینے کا کام نظر آنے لگا تھا ۔ایک طرف گورنر جنرل ہائوس اور وزیراعظم ہائوس کی روشنیاں تک استعمال کرنےمیں احتیاط اور کئی سرکاری اخراجات میں کفایت کی جھلک نمایاں تھی دوسری طرف مہاجرین کی آباد کاری اور بچوں کی تعلیم کیلئے وہ سب کاوشیں نظر آ رہی تھیں جو اس وقت ممکن تھیں ۔ دستیاب عمارتوں، خیموں اور جھونپڑیوں میں عارضی اسکول قائم کئےگئے تو بھیگے ہوئے چنوں کی صورت میں بچوں کیلئے خوراک کی فراہمی کا بھی بندوبست کیا گیا۔ بعد کے برسوں میں اسی تعلیمی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے فنی تعلیم کے ادارے قائم کئے گئے، کراچی اس وقت ملک کا دارالحکومت تھا ۔ اس شہر کے علاقے جیکب لائنز میں 1951ء تک ایک جدید ٹیکنیکل ہائی اسکول کا فعال ہونا کرشمہ محسوس ہوتا تھا۔ دوسرے شہروں میں بھی ایسے اداروں کے قیام کی کوششیں کی گئیں جو 16اکتوبر1951ء کو وزیر اعظم لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد کمپری ہینسیو اسکولوں کی صورت میں نمایاں ہوئیں۔ ان ’’جامع اسکولوں‘‘ میں عمومی تعلیم کے ساتھ فنی اور عملی تربیت یکجا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ آج ان نظریات، اور اقدامات کو دہرانے کا مقصد اس قومی وژن کی یاد دہانی ہے جس پر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ درپیش حالات بھی متقاضی ہیں کہ حکومتی اخراجات میں ہر ممکن کمی کی جائے اور قومی وسائل کا رخ ان شعبوں کی طرف موڑا جائے جن سے غربت کم ہو، لوگوں کو روز گار ملے، صنعت و زراعت ترقی کریں اور تعلیم کے میدان میں ہم اور بھی باوقار مقام حاصل کر سکیں۔

دنیا میں ترقی کرنے والے ممالک نے تعلیم اور صنعت کو ایک دوسرے سے الگ نہیں رکھا۔ ان کی جامعات میں ہونےوالی تحقیق، کارخانوں، کھیتوں ، توانائی کے منصوبوں میں نئی ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے۔ ہمیں بھی یہی راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ جب تک تعلیمی اداروں کی تحقیق قومی پیداوار اور عوامی ضروریات سے منسلک نہیں ہوتی، اس کے نتائج محدود رہیں گے۔

تازہ ترین