گزشتہ سے پیوستہ، پچھلے کالم میں غیر معمولی دلچسپی اور لاتعداد سوالات کے جواب میں:
میرا مؤقف ہے کہ دنیا کے تمام انسانی تخلیق شدہ نظاموں کے بری طرح ناکام ہونے پر اب میدان میں واحد اسلام رہ گیا ہے۔ فوقیامہ کا مؤقف تھا کہ سوویت یونین کی شکست وریخت کے تناظر میں تہذیبوں کے ٹکراؤ کا فیصلہ ہوچکا ،نتیجتاً عدم مسابقت سے بحیثیتِ انسان مزید ترقی نہ ہو سکے گی اور آدمی اپنی خواہشات و آسائش کا تابع جاہ پرستی (ایمبیشن) ترک کر دے گا ۔جبکہ سیمیوئل ہنٹنگٹن کے مطابق تہذیبوں کا ٹکراؤ منطقی انجام تک نہیں پہنچا کیونکہ اسلام ابھی میدان میں ہے۔ وہ اسلام کو بطور تہذیب پیش کر کے اسلام کے نظریۂ حیات کا احاطہ نہیں کر سکے تاہم اسلام کی میدان میں موجودگی کی درست نشاندہی کی۔اگر وہ اسلام کے ضابطۂ حیات پر تحقیق کرتے تو یقیناً سمجھ لیتے کہ اسلام کو محض تہذیب کہنا کم فہمی اورزیادتی ہے۔
اسلام میں سیاست،ایک ایسا اہم پہلو ہے جس کے بغیر فوقیامہ اور ہنٹنگٹن کا تقابلی جائزہ بے معنی ہو جاتا ہے۔ اسلامی نظام، مغربی نظام کی اجارہ داری کے ردِعمل میں نہیں بلکہ واحد متبادل سیاسی، معاشی، سماجی اور معاشرتی نظام کے طور پر میدان میں موجود ہے۔ اسلامی نظام میں جدید ریاست کا قیام بنیادی اسلامی ڈھانچے سمیت عدل و انصاف کی حکمرانی سے مشروط ہے۔ اسلام میں سیاست اور مذہب علیحدہ نہیں بلکہ وہ افراد کی ذاتی زندگی سے لے کر ان کی عوامی زندگیوں پر اپنے مکمل اثر رسوخ کا اعادہ کرتا ہے۔ اسلام کے مطابق حاکمیت کا اختیار صرف اللہ سبحانہ و تعالٰی کا ہے اس لئے حکم و نظم بھی اس ہی کا ہوگا۔ قانون سازی کے لیے شریعت واضح کر دی گئی ہے جس کے دائرے میں ہر قسم کی قانون سازی کا اختیار اسلامی ریاست کو ہے جبکہ معاشی معاملات پر عدل و انصاف کی یقینی فراہمی اور سود کی ممانعت ہے۔ اسلامی ریاست کا مقصد فلاحِ انسانیت، عوامی فلاح و بہبود اور عوام کو ہر قسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اسلام میں ذاتی جائیداد رکھنے، آزادانہ کاروبار کرنے اور کاروباری فریقین سے برابری کی بنیاد پر لین دین کی ممانعت نہیں بلکہ اسلام ایسی معیشت کا خواہاں ہے جو عدم استحصال، دیانتداری، معاشرتی و سماجی انصاف پر مبنی ہو۔ کچھ اسلامی فلسفی انتخابات، آئین اور جمہوریت کو غیر اسلامی کہتے ہیں جبکہ بہت سے اختلاف رائے رکھنےوالے انتخابات، جمہوریت اور آئین کو بشرطِ دائرہ اسلام کے اندررہتے ہوئے صحیح قرار دیتے ہیں۔بعینی بہت سے اسلامی فلسفیوں نے اسلام کی معاشی پالیسی کے مطابق جدید معاشی نظام سے ہٹ کر متبادل معیشت جس میں "ربا" یعنی سود کو استحصال سے تعبیر کیا ہے۔ زکوۃ کے حوالے سے مستحق افراد کے لیے ادارہ جاتی نظام میں منصفانہ تقسیم برائے عوامی فلاح و بہبود، تعلیم و صحت کے علاوہ اجارہ داری کے خلاف قانون سازی پر بہت کام کیا ہے۔ اس کے برعکس مغربی جمہوریت میں اس کے بالکل متضاد نظریات کی ترویج کی جاتی ہے جن میں سودی نظامِ معیشت اور علمگیریت کے نظریے سر چڑھ کر بول رہے ہیں۔ نئے عالمی آرڈر نے بھی دنیا کو بے مقصد جنگوں ، معاشی تنگدستیوں ، مہنگائی، کرپشن، سیاسی گھٹن اور قومی غیرت و حمیت کے خلاف فیصلوں کے ذریعے باندی بنا لیا ہے۔ دنیا کے جعلی جمہوری نظام کے بِرتے خصوصاً اسلامی مملکتوں نے جو وعدے کیے وہ پورے نہ ہوسکے۔ ان حکومتوں نے عوام کو جدیدیت،مادی و معاشی ترقی، حقیقی انقلاب اور قومی حمیت کے جو سبز باغ دکھائے تھے وہ خواب ہی رہ گئے جبکہ عوام مزید غربت، استحصال، کرپشن، اقربا پروری ،مطلق العنانی کا شکار ہوئے۔ اسی لیے 1979 میں ایران میں اسلامی تحریک کے ذریعے انقلاب برپا ہوا جس نے ثابت کیا کہ طاقتور ترین ملوکیت جسے مغرب کی پشت پناہی حاصل تھی کو اسلامی نظریات پر عمل کرنے کی عوامی خواہش نے اکھاڑ پھینکا ، قریباً اسی وقت میں اشتراکیت کے خلاف افغانستان میں بھی ایک اسلامی تحریک کا آغاز ہوا جس میں دنیا بھر سے جہادی مسلمان، سیاسی تحاریک اور خصوصاً پاکستان نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ مغرب نے بھی اشتراکیت کو شکست دینے کے لئے اس تحریک کو سستا سودا مانتے ہوئے اسلحہ اور فنڈنگ فراہم کی۔ نتیجتاً افغانستان میں اشتراکیت کا نظریہ تو دفن ہوا لیکن جلد ہی امریکہ کو وہاں کے اسلامی نظام کا ماڈل ناقابلِ برداشت ہو گیا۔ 2001 میں امریکہ نے اس فتح کے زُعم میں جو کسی اور کی قربانیوں کا نتیجہ تھی افغانستان کا رخ کیا اور ایسا دلدل میں دھنسا کہ کھربوں ڈالر لگا کر 2021 میں رات کے اندھیرے میں بھاگ نکلا۔ امریکہ نے بچ کر نکل جانے سے کوئی سبق نہ سیکھا اور محض چار سال بعد ایران پر حملہ آور ہوگیا۔ مغربی دنیا نے بھی افغانستان کی شکست سے سبق سیکھا نہ ایران کے 45 سالہ انقلاب سے جو آج بھی پوری آب و تاب سے دنیا کے باطل نظاموں کو چیلنج کر رہا ہے۔ اسی لیے وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ اسلام اپنے اندر ایک ایسا مضبوط سیاسی، معاشی، سماجی، معاشرتی اور مذہبی نظامِ حیات رکھتا ہے جو اپنی ہمہ جہت افادیت کا مظہر بن کر اب دنیا کے افق پر نمودار ہوگا۔انشا اللہ اسی لیے ایران ہو یا افغانستان مغرب انہیں اپنے راستے سے ہٹانے کے لیے ہر حربہ استعمال کرے گا۔ وہ جسے تہذیبوں کا ٹکراؤ سمجھتے ہیں دراصل نظریات کا ٹکراؤ ہے۔ مغرب اپنی پوری قوت لگا کر بھی اسلام کے آفاقی عدل و انصاف کے نظریے اور نظامِ حیات کو ختم نہیں کر سکا۔ آج پاکستان دنیا میں وہ واحد ملک ہے جو اپنی کمزور اقتصادی صورتحال کے باوجود، اپنے وجود کے جواز میں، اپنی ایٹمی صلاحیت کی بنیاد پر، اپنے آئین کے آرٹیکل 2-Aکی بنیاد پر متبادل اسلامی نظام قائم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستانی عوام کو بہتر سے بہتر مغربی معیارِ زندگی، اعلیٰ مغربی تعلیم اور بہتر معاشی حالات کے دوڑ میں لگا کر اسے اپنے ماورائے حیات مقصد سے دور کر دیا گیا ہے۔وہ مقصد ِحیات جس کے لیے ہمیں پاکستان دیا گیا تھا،جس کے لئے ہمارے آئین کے دیباچے میں درج ہے کہ "پاکستان کے عوام خوشحال ہوں، دنیا کی قوموں میں اپنا جائز اور باعزت مقام حاصل کریں اور بین الاقوامی امن،ترقی اور انسانیت کی خوشی اور بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں"۔ ایک اور جگہ لکھا ہے" جس میں اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں کی مکمل پاسداری کی جائے گی"۔ پاکستان اسلام کی آفاقیت، انسانیت، عالمی عدل و انصاف کی سر بلندی کے لئے وجود میں آیا ہے اور اپنے مقصد میں ضرور سرخرو ہوگا۔ انشااللہ ۔اسلامی نظام کے مخالف کبھی آسانی سے ہار نہ مانیں گے،وہ پاکستان کی گھٹی میں پڑے اسلامی تشخص سے خائف ہیں۔حق و باطل کا میدان ہے اور فتح بلآخر حق کی ہوگی۔عوام تیار رہیں!
سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت کا، شجاعت کا
لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا