امریکی خلائی ادارے ناسا نے نظامِ شمسی کے سرخ سیارے’مریخ‘ کی ایک انتہائی دلکش اور حیرت انگیز ویڈیو جاری کر دی ہے۔
زمین سے اب تک متعدد سائنسی مشنز کو مریخ پر مختلف قسم کی تحقیقات کے لیے بھیجا جا چکا ہے۔
ناسا نے حال ہی میں اپنے سائیکی اسپیس کرافٹ کو نظام شمسی میں موجود سیارچوں کی پٹی کی جانب بھیجا ہے جو کہ اپنے سفر کے دوران مئی 2026ء میں مریخ کے قریب سے گزرا تھا تاکہ اس کی کششِ ثقل کو استعمال کر سکے۔
جب سائیکی اسپیس کرافٹ مریخ کے قریب سے گزرا تو اس نے سرخ سیارے کی کچھ تصاویر کھینچی تھیں۔
اب امریکی خلائی ادارے نے مریخ کی ایک حیرت انگیز ٹائم لیپس ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں سائیکی اسپیس کرافٹ کی جانب سے لی گئی تصاویر کو بہت خوبصورتی سے آپس میں ملایا گیا ہے۔
ناسا کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو کے آغاز میں مریخ نئے چاند کی طرح نظر آتا ہے اور پھر اس کی سطح اور برفانی قطبِ جنوبی کا تفصیلی نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
سائیکی اسپیس کرافٹ کے تصاویر کھینچنے والے امیجر انسٹرومنٹ کے بارے میں سائنسدانوں نے کہا ہے کہ امیجر کی کارکردگی بہترین ہے اور اس نے سرخ سیارے کے وہ مناظر دکھائے ہیں جو پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے تھے۔
