بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ بارڈر گواسکر ٹرافی 2027 ء کے لیے بھارت آنے پر ’سینڈ پیپر گیٹ‘ سے متعلق سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عرفان پٹھان نے حال ہی میں خصوصی پروگرام ’سینڈ پیپر گیٹ: دی اَن سیٹلڈ ڈیبیٹ‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔
پروگرام میں انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بال ٹیمپرنگ کا معاملہ دوبارہ منظرِ عام پر آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی بھارت آمد پر خاصی بحث متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء کے واقعے میں شامل نہ ہونے والے نوجوان آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بھی اس تنازع کے حوالے سے سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو گی۔
سابق بھارتی کرکٹر نے آسٹریلوی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ ماضی کے اس تنازع پر بار بار وضاحتیں دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرے اور اپنی توجہ کرکٹ پر مرکوز رکھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی 8 سال پرانے واقعے کی تفصیلات پر مسلسل بات کرتے رہے تو ان کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
عرفان پٹھان نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اگر اب دوبارہ تحقیقات بھی کرے تو اس سے لوگوں کے ذہنوں میں موجود سوالات مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گے اور یہ معاملہ آئندہ 10، 20 یا 30 سال تک زیرِ بحث رہ سکتا ہے۔
انہوں نے سابق آسٹریلوی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مؤقف کا اظہار اسی وقت کرنا چاہیے تھا جب 2018ء میں یہ واقعہ پیش آیا اور ان پر پابندی عائد کی گئی۔
یاد رہے کہ 2018ء میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔
اس اسکینڈل کے بعد اس وقت کے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 1 سال جب کہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔