• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کا امریکا پر مہلک حملوں میں مصنوعی ذہانت استعمال کرنے کا الزام

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین درزی — فائل فوٹو
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین درزی — فائل فوٹو

ایران نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ایران پر مہلک حملے کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی نگرانی میں اپنا کردار ادا کرے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین درزی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ واشنگٹن نے ایران کے خلاف جنگ کے دوران جدید مصنوعی ذہانت کے نظام استعمال کیے، جن کی مدد سے اہداف کی نشاندہی، انہیں ترجیحی بنیادوں پر منتخب کرنے اور حملوں کے لیے درست جغرافیائی نقاط فراہم کرنے کا کام لیا گیا۔

غلام حسین درزی نے کہا کہ نہ تو جدید ٹیکنالوجی اور نہ ہی نجی کمپنیوں کی شمولیت امریکا یا اسرائیلی حکومت کو بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمے داریوں کی کھلی خلاف ورزیوں پر جواب دہی سے بچا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سمیت مختلف تنازعات میں فوجی کارروائیوں کے دوران مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال سے سنگین خدشات جنم لے رہے ہیں۔

ایرانی سفیر نے مطالبہ کیا کہ فوجی مقاصد کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کی نگرانی اور اس کے نظم و نسق کے لیے اقوام متحدہ کی قیادت میں ایک مؤثر نظام قائم کیا جائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید