وزیراعظم کی زیرِ صدارت قومی ادارہ برائے سائبر جرائم کی تنظیمِ نو کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ادارے کو مؤثر، فعال اور جدید بنانے کے لیے تنظیمِ نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے ادارے اور اس کے ذیلی دفاتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں، تنظیم نو میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے سائبر جرائم کے زیرِ التوا مقدمات کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ادارے کی تنظیم نو سے متعلق سفارشات پیش کی گئیں، جن پر غور کے لیے وزیراعظم نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا، کمیٹی میں محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔