وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں نے رانا ثنا کی تعریف کوئی مبالغہ آرائی نہیں کی، رانا ثنا اللہ نے ہمیشہ مشکلات کا جواں مردی سے سامنا کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا مشکل وقت یا آزمائش کی گھڑی ہو تو ساتھی کو احساس ہونا چاہیے کہ دوست اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا میں پرانی بات کر رہا ہوں اس وقت تو نہ کوئی مشکل ہے نہ آزمائش کی گھڑی ہے، پچیس، چھبیس سال پہلے جو رانا ثنا کے ساتھ کیا گیا اور جو قید انھوں نے پی ٹی آئی دور میں بھگتی ہے۔ اس وقت کوئی بھی رانا ثنا اللہ کی جگہ ہوتا تو گھٹنے ٹیک دیتا، اس لیے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا نوازشریف اس طرح کے معاملات میں شامل نہیں ہوتے، ہم سیاسی کارکن ہیں ہم سے غلطیاں ہوتی ہیں لیکن ہم اول اور آخر سیاسی ورکرز ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا ہم جو بات کرتے ہیں اس کے پیچھے ہر قسم کے رسک کا سامنا کرتے ہیں، ہم سے غلطی ہو تو قیمت ادا کرتے ہیں اچھی بات ہو تو لوگ سر پر ہاتھ رکھتے ہیں دعا بھی دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا اگر آپ طاقتور کے قریب ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر نکل جائیں، دھمکی نہیں دینی چاہیے یہ سیاسی زبان نہیں، دھمکی والی بات درست نہیں۔ دھمکیوں والی زبان نہ استعمال کریں، سیاسی تنقید بے شک کریں 10 بار کریں، یہ کوئی اچھی زبان نہیں کہ کہا جائے میں بولوں گا تو تم منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ ترمیم کی میٹنگ میں شامل ہوتا تھا، ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری زرداری صاحب تھے، اس ترمیم میں ان کو ساری عمر کا استثنیٰ ملا ہے۔ بالکل وہ ساری ترمیم صدر مملکت کی ذات کے گرد گھومتی تھی، اگراب کوئی کہتا ہے کہ زبردستی اور دھونس سے ترمیم کرائی گئی تو یہ سیاسی بد دیانتی ہے۔
انھوں نے کہا آپ ہر موقع پر جب اس قسم کا موقع آئے بولی لگوانا شروع کردیں یہ اچھی بات نہیں، اس طرح بولی لگوانے سے ہمارا کیا تاثر جاتا ہے اس طرح کی باتوں سے سیاست پر دھبے لگتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا میں اب بھی پرامید ہوں کہ جو بھی ہوگا اس ملک کے لیے اچھا ہوگا، جس ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے اس پر کچھ لے دے ہوسکتی ہے، کمپرومائزز ہوسکتے ہیں، راہیں نکل سکتی ہیں لیکن یہ ضرور ہوگا۔