• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹارکٹیکا کی برف کے نیچے کیا چُھپا ہے؟ سائنسدانوں کا حیرت انگیز انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

دنیا کے سرد ترین براعظم انٹارکٹیکا کی موٹی برف کے نیچے سائنسدانوں نے قدیم پہاڑی سلسلوں کے شواہد دریافت کیے ہیں، جن کا حجم ہمالیہ کے پہاڑوں جتنا بڑا ہے۔ 

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان قدیم پہاڑی سلسلوں کے آثار آسٹریلیا کی نیشنل یونیورسٹی اور جرمنی کے جی ایف زیڈ ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز کے سائنسدانوں نے مشترکہ تحقیق کے دوران دریافت کیے ہیں۔

یہ تحقیق سائنسی جریدے ’ارتھ اینڈ پلانیٹری سائنس لیٹرز‘ میں شائع ہوئی ہے۔

محققین کے مطابق یہ دیوہیکل پہاڑ تقریباً 650 سے 450 ملین سال قبل اس وقت تشکیل پائے جب موجودہ انٹارکٹیکا، بھارت اور افریقہ کے زمینی حصے آپس میں ٹکرائے اور اس عمل کے نتیجے میں قدیم عظیم براعظم ’گونڈوانا‘ وجود میں آیا۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ انٹارکٹیکا کی تاریخ میں پہاڑوں کی تشکیل کے سب سے بڑے واقعات میں شمار ہوتے ہیں۔

آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے پروفیسر ایان کیمبل نے بتایا کہ یہ پہاڑی سلسلے اپنی جسامت کے اعتبار سے ہمالیہ کے برابر تھے اور ان کی تشکیل نے زمین کے ماحول میں اہم تبدیلیاں پیدا کیں۔

یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ انٹارکٹیکا کا 99.5 فیصد سے زیادہ حصّہ موٹی برف سے ڈھکا ہوا ہے جس کے باعث اس کے نیچے موجود زمینی ساخت کا براہ راست مطالعہ انتہائی مشکل ہے۔

سائنسدانوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے سمندر میں کھدائی کے ذریعے انٹارکٹیکا کے ساحلی علاقوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کا تجزیہ کیا۔

تحقیق کے دوران 1,712 انتہائی چھوٹے معدنی ذرات کا جائزہ لیا گیا، جنہیں زرکون (Zircon) کرسٹل کہا جاتا ہے۔

یہ کرسٹل اپنی عمر اور کیمیائی ساخت کے حوالے سے قدیم چٹانوں اور ارضیاتی واقعات کی معلومات محفوظ رکھتے ہیں۔ ان کا تجزیہ کر کے محققین نے لاکھوں سال پہلے ہونے والی پہاڑوں کی تشکیل کے شواہد حاصل کیے۔

قدیم پہاڑوں نے زمین پر زندگی کے ارتقاء میں کیا کردار ادا کیا؟

اس تحقیق کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ ان پہاڑوں کے کٹاؤ نے زمین پر ابتدائی حیوانی زندگی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں ممکنہ کردار ادا کیا۔

محققین کے مطابق بارش، ہوا اور دیگر قدرتی عوامل کے باعث جب یہ پہاڑ آہستہ آہستہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے تو ان سے بڑی مقدار میں معدنی غذائی اجزاء سمندروں تک پہنچے۔

اس عمل کے نتیجے میں فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کم ہونے اور آکسیجن میں اضافے میں مدد ملی، جبکہ سمندری حیات کو بھی ضروری غذائی اجزاء میسر آئے۔

یہ تبدیلیاں تقریباً 539 ملین سال قبل اس وقت رونما ہوئیں جب سخت خول والے پہلے جانور نمودار ہوئے اور پھر جلد ہی، زمین پر جانوروں کی تعداد اور اقسام میں اضافہ ہوا۔ 

واضح رہے کہ جنوری 2026ء میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بھی برف کے نیچے موجود پہاڑی سلسلوں، گہری وادیوں اور قدیم دریائی راستوں کا تفصیلی نقشہ پیش کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق ان دریافتوں سے نا صرف زمین کی قدیم تاریخ اور حیاتیاتی ارتقاء کو سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ انٹارکٹیکا کی موجودہ برفانی تہہ اور مستقبل میں اس کے پگھلاؤ کے اثرات کا مطالعہ کرنے کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔


خاص رپورٹ سے مزید