ناروے میں پاکستان کے سفیر عاصم علی خان نے اوسلو کے پاکستان ہاؤس میں پاکستان کی سابق وزیرِ خارجہ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن حنا ربانی کھر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔
تقریب میں ناروے کی پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ و دفاع کے چیئرمین پیٹر فرولچ اور کمیٹی کے دیگر ارکان، پاکستان ناروے دوستی گروپ کے چیئرمین فرخ قریشی، ڈپٹی چیئرپرسن ٹرائن لیز سنڈنس، رکن پارلیمنٹ ہمانشو گلاٹی، سابق ارکان پارلیمنٹ خالد محمود اور لارس رائز سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
استقبالیے میں پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے موجودہ علاقائی اور عالمی چیلنجز کے تناظر میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں ممالک کی پارلیمانی کمیٹیوں کے سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، مسلسل رابطوں، باہمی افہام و تفہیم اور پارلیمانی روابط میں اضافے کی اہمیت اجاگر کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستی و تعاون کو فروغ دینے اور عالمی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔