• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نےعمران خان کو جہلم میں جلسےسے روک دیا،کمیشن کا کوئی نوٹس نہیں ملا،ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)الیکشن کمیشن نے این اے 63 کے ضمنی انتخاب کا جلسہ کرنے کے لیے عمران خان کو جہلم کا دورہ کرنے سے روک دیا ہے۔این اے 63 جہلم میں ضمنی انتخاب سے متعلق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خورشید عالم نے عمران خان کو خط ارسال کیا ہے۔ انہوں نے عمران خان کو ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  24اگست کو پی ٹی آئی پنڈ دادن خان کھیوڑا سمیت مختلف مقامات پر جلسہ کرنے جا رہی ہے، ضمنی الیکشن میں کارنر میٹنگ کے علاوہ جلسہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے،قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان بھی متعلقہ حلقہ کا دورہ نہیں کرسکتے۔ ادھر  تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ جہلم میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی تحریری نوٹس موصول نہیں ہوا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی عوام رابطہ مہم پر الیکشن کمیشن کو کیا اعتراض ہو سکتا ہے؟ چیئرمین تحریک انصاف کرپشن اور بدعنوانی کیخلاف ملک گیر تحریک کی قیادت کر رہے ہیں ، جہلم کا جلسہ تاریخی ”پاکستان مارچ“ کے سلسلے کا اہم جزو ہے۔ ایک بیان میں پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ جہلم کے بعد چیئرمین تحریک انصاف گجرات میں بھی  جلسے سے خطاب کریں گے۔
تازہ ترین