امریکا میں ’فیڈرل جج کو کیسے قتل کیا جائے؟‘ نامی کتابچے کے مصنف کو قید کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک وفاقی جج نے منگل کو ریاست منیسوٹا کے 73 سالہ رابرٹ آئیورز نامی شخص کو ساڑھے 6 سال قید کی سزا سنائی۔
مصنف نے ’فیڈرل جج کو کیسے قتل کیا جائے؟‘ کے عنوان سے یہ کتابچہ تحریر کر کے مختلف اداروں کو ارسال کیا تھا۔
ڈسٹرکٹ جج کیرن شریئر نے مجرم رابرٹ آئیورز کو دھمکی آمیز پیغامات ڈاک کے ذریعے بھیجنے کے 2 الزامات اور ایک امریکی ڈسٹرکٹ جج کو قتل کی دھمکی دینے کے جرم میں قصوروار قرار دیا۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق عدالتی دستاویزات کی بنیاد پر مصنف نے ’فیڈرل جج کو کیسے قتل کیا جائے’‘ کے عنوان سے کتابچہ منیاپولس کی ایک قانونی فرم اور یونیورسٹی آف سینٹ تھامس کو ڈاک کے ذریعے ارسال کیا تھا۔
امریکی محکمۂ انصاف نے بتایا ہے کہ اس کتابچے میں مدعا علیہ کے سابقہ فوجداری مقدمے سے وابستہ گواہ اور جج سمیت عمومی طور پر وفاقی ججوں کے خلاف تشدد کی واضح اور سنگین دھمکیاں شامل ہیں۔
رابرٹ آئیورز کو رواں سال اگست میں 236 صفحات پر مشتمل یہ دستاویز تحریر کرنے، اس کی نقول تیار کرنے اور انہیں ڈاک کے ذریعے ارسال کرنے کے جرم میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔
اس سے قبل 2019ء میں بھی منیسوٹا کے ایک وفاقی جج کو قتل کرنے کی دھمکی دینے کے جرم میں انہیں سزا ہو چکی ہے۔
جج کیرن شریئر کے دستخط شدہ عدالتی حکم کے مطابق رابرٹ آئیورز کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور قید کی مدت مکمل کرنے کے بعد مجرم کو 2 سال تک عدالتی نگرانی میں رہائی کی شرائط کا پابند ہونا ہو گا۔