آدمی کی کہانی کوئی تین لاکھ برس پرانی ہے، اور اِن میں سے لگ بھگ دو لاکھ نوّے ہزار برس ایک ہی منظر میں گزرے ہیں۔ رات ہے، الاؤ کے گرد ایک ٹولی بیٹھی ہے اور دن بھر کا شکار بانٹا جا رہا ہے۔ ٹولی میں امیر اور غریب کوئی نہیں۔ سبب نیکی نہیں، مجبوری ہے۔ گوشت کل تک باسی ہو جائے گا، صبح کوچ کرنا ہے، اور شکاری کی اصل پونجی اُسکے بازو کا زور، آنکھ کی تیزی اور یاروں کی یاری ہے۔ یہ پونجی نہ گٹھڑی میں بندھتی ہے، نہ بیٹے کے نام لکھی جاتی ہے۔ جو دولت باپ کے ساتھ قبر میں اتر جائے، وہ انسانوں کے بیچ دیوار نہیں اٹھاتی۔
کوئی دس بارہ ہزار برس پہلے آدمی نے جانور سدھایا اور کہانی بدل گئی۔ ریوڑ وہ پہلی دولت تھی جو خود بڑھتی تھی اور باپ سے بیٹے کو پہنچتی تھی۔ جریدہ ”سائنس“ میں 2009ء میں چھپی ایک تحقیق نے اکیس چھوٹے معاشروں کی دولت ناپی۔ شکاریوں میں امیر اور غریب کا تفاوت معمولی نکلا، اور گلہ بانوں میں اتنا جتنا آج کی سب سے بے اعتدال صنعتی معیشتوں میں ہے۔ محققوں کے نزدیک تفاوت کا قد اِس سے طے ہوتا ہے کہ معاشرے کی اصل دولت ایک نسل سے دوسری کو کتنی آسانی سے پہنچتی ہے۔ ہنر مرنے والے کے ساتھ مر جاتا ہے؛ ریوڑ جنازے کے بعد بھی چرتا رہتا ہے۔
کھیت نے وہ چیز دی جو ریوڑ کے پاس بھی نہ تھی، یعنی فاضل پیداوار۔ اب آدمی اپنی ضرورت سے زیادہ اگا سکتا تھا، اور جو فاضل ہوا وہ کوٹھار، یعنی غلّے کے گودام، میں رکھا جا سکتا تھا۔ امریکی ماہرِ آثارِ قدیمہ ٹموتھی کوہلر نے 63قدیم بستیوں کے کھنڈروں میں گھروں کے رقبے ناپے (Timothy Kohler, Nature, 2017)۔ معلوم ہوا کہ جوں جوں فصل اور مویشی آدمی کے قابو میں آئے اور بستیاں ریاستیں بنیں، بڑے اور چھوٹے گھر کا فرق بڑھتا گیا۔ جس کے پاس ہل کھینچنے کو بیل تھے وہ زیادہ زمین جوت سکتا تھا، اور جس کے پاس گھوڑا تھا وہ دوسروں کی جوتی ہوئی زمین پر بھی قبضہ کر سکتا تھا۔ جو اناج پیٹ میں نہ گیا وہ کوٹھار میں گیا، اور کوٹھار کا ہمیشہ کوئی مالک ہوتا ہے۔
کارخانہ تو کل کی بات ہے، محض ڈھائی سو برس کی، مگر اُس نے دولت کا چہرہ بدل دیا۔ فرانسیسی ماہرِ معاشیات تھامس پیکٹی نے برطانیہ اور فرانس کے تین سو برس کے کھاتے جوڑے ہیں (Thomas Piketty, Capital in the Twenty-First Century,2014)۔ 1700ء کے آس پاس اِن ملکوں کے اثاثوں کا بیشتر حصہ زرعی زمین تھی؛ آج زمین اُنکا ایک معمولی جزو ہے، اور اُس کی جگہ کارخانوں، شہری عمارتوں، کمپنیوں کے حصص اور قرض کی دستاویزات نے لے لی ہے۔ زمین کی ایک حد تھی کہ رقبہ بڑھتا نہ تھا؛ مشین سے مشین بنتی ہے اور منافع سے نیاکارخانہ۔ پھر کھیت وارثوںمیں بٹتاتو ٹکڑے ہو جاتا تھا؛ کارخانہ اینٹ ہلائے بغیر سو حصوں میں بٹ سکتا تھا، بک سکتا تھا، اور وارث کے نام لکھا جا سکتا تھا۔ کھیت کی حد پر مینڈھ ہوتی ہے؛ کاغذ کی کوئی مینڈھ نہیں ہوتی۔ یہاں تک دولت کی ہر شکل ٹھوس تھی۔ ریوڑ، کھیت اور مشین، تینوں کو چھوا جا سکتا تھا۔ہمارے زمانے میں دولت کی ایک دوسری قسم آگے نکل گئی ہے جو دکھائی نہیں دیتی، یعنی سند، نسخہ، برانڈ اور سافٹ ویئر۔ امریکی ادارہ اوشن ٹومو، جو ایجادوں اور سندوں کی قیمت لگاتا ہے، ہر برس دیکھتا ہے کہ امریکہ کی 500بڑی کمپنیوں کی بازاری قیمت میں سے زمین، عمارت اور مشین نکال دیں تو کیا بچتا ہے۔ یہ اَن دیکھا حصہ 1975ء میں 17فیصد تھا، 1995ء میں 68فیصد ہوا، اور 2025ء میں 92فیصد ہے۔ یہ دولت نہ چارہ مانگتی ہے، نہ پانی، نہ دیکھ بھال، اور پلک جھپکتے سمندر پار وارث کے کھاتے میں چڑھ جاتی ہے۔ سافٹ ویئر کی دوسری نقل پر کچھ خرچ نہیں آتا؛ جو ایک بار آگے نکل گیا، ساری دنیا کا بازار اُسی کا ہوا۔ بانی ایک نسل کا ہوتا ہے، وارث ہر نسل کا۔ اگلا پڑاؤ مصنوعی ذہانت ہے۔ الاؤ والے شکاری کی پونجی اُس کا ہنر تھا، جو اُس کیساتھ قبر میں اتر جاتا تھا۔ مصنوعی ذہانت وہ پہلی مشین ہے جو بازو کی نہیں، ہنر کی نقل اتارتی ہے؛ اور مشین، ہنر کے برعکس، ملکیت میں آتی ہے اور وراثت میں ملتی ہے۔ جو چیز کبھی ورثے میں نہ ملتی تھی، وہی سب سے بڑا ترکہ بننے کو ہے۔ اب پورے سفر پر نگاہ ڈالیے۔ الاؤ کے گرد آدمی برابر تھا کہ دو چیزیں موجود نہ تھیں، فاضل پیداوار اور وراثت۔ ریوڑ نے وراثت دی، کھیت نے فاضل پیداوار دی، کارخانے نے دونوں کو رفتار دی، اور ہمارے زمانے نے دونوں کو بے وزن کر دیا۔ گویا تفاوت آدمی کی سرشت سے نہیں نکلا، دولت کی ساخت سے نکلا ہے؛ آدمی اپنی عمر کا بیشتر حصہ کم و بیش اِسکے بغیر جیا ہے۔ مگر الاؤ کی برابری پر رشک نہ کیجئے، وہ خالی ہاتھوں کی برابری تھی۔ بعد کے دس بارہ ہزار برس ایک درمیانی عہد ہیں، جس میں پیداوار ضرورت سے فاضل تو ہے مگر سب کیلئے کافی نہیں۔ ایسے عہد میں دولت محض آسائش نہیں رہتی، اختیار بن جاتی ہے، کیوں کہ دولت کا زور دوسرے کی حاجت سے بنتا ہے۔ لکھنؤ کے تعلقہ دار کو دیکھیے۔ اناج اُسکے تعلقے کے دیہات سے آتا اور ڈیوڑھی کے کوٹھار میں بھر جاتا۔ اگلی فصل تک، یعنی چھ مہینے یا برس بھر، اُسکے مصاحب، سپاہی، خدمت گار اور کاریگر اِسی کوٹھار کے آسرے پر جیتے؛ کسی کو غلّہ تول کر ملتا اور کسی کو غلّہ بیچ کر نقد۔ تعلقہ دار کا رعب اُسکی تلوار میں کم اور کوٹھار کی کنجی میں زیادہ تھا۔ جسکا کوٹھار بھرا ہو، اُس کا حکم اُن پر چلتا ہے جنکا کوٹھار خالی ہو۔
یہ درمیانی عہد اب اپنے آخری موڑ پر دکھائی دیتاہے۔ مصنوعی ذہانت اکیلی نہیں آ رہی۔ عالمی ادارے آئرینا کے حساب سے 2010ء کے بعد شمسی بجلی کی لاگت 89فیصد گر چکی ہے۔ ذہانت، روبوٹ اور سستی توانائی یکجا ہو جائیں تو اناج، دوا اور علم اتنے ارزاں ہو سکتے ہیں کہ خوشحالی چند گھرانوں کا امتیاز نہ رہے۔ بیچ میں ایک عبوری دور آئیگا جس میں پرانا نظام نئے کیلئے جگہ چھوڑے گا، اور یہ دور سہل نہ ہو گا؛ آئی ایم ایف کے محققوں کا 2024ء کا اندازہ ہے کہ دنیا کی لگ بھگ 40فیصد ملازمتیں مصنوعی ذہانت سے متاثر ہوں گی، اور سرمائے کی بڑھتی کمائی تفاوت کو پہلے اور بڑھائے گی۔ مگر منزل وہ ہے جس کی خبر برطانوی ماہرِ معاشیات جان مینارڈ کینز نے 1930ء میں دی تھی، کہ قلّت انسان کا دائمی مسئلہ نہیں۔ جس دن کوئی کوٹھار خالی نہ ہو، اُس دن بھرے کوٹھار کا حکم بھی اٹھ جاتا ہے۔ تب تفاوت کا یہ درمیانی عہد آدمی کی تاریخ کا برزخ نکلے گا، خالی ہاتھوں کی برابری اور بھرے ہاتھوں کی برابری کے بیچ۔