• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس ثاقب نثار پاکستان سپریم کورٹ کے متنازع ترین سربراہوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ’پراجیکٹ عمران‘ کی کامیابی کیلئے مقتدرہ کے ساتھ ان کا گٹھ جوڑ تاریخ کا حصہ ہے۔ ثاقب نثار نے اپنی ذاتی انا نیز دوررس سیاسی اہمیت کے فیصلوں سے قوم کو شدید نقصان پہنچایا۔ آئینی اداروں اور قانون کی بالادستی کو مجروح کیا۔ انہوں نے قومی وقار کی علامت ہستیوں اور اداروں کو بری طرح بے توقیر کیا، 17نومبر 2018ءکو سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بارے میں ایک سماعت کے دوران پاکستان کے بزرگ صحافی حسین نقی جسٹس ثاقب کا خاص ہدف تھے۔ جسٹس ثاقب نثار نے پکار کر پوچھا کہ حسین نقی کون ہے جس کی وجہ سے جسٹس اعجاز کو مستعفی ہونا پڑا؟ حسین نقی نے حسب معمول انکسار سے کام لیتے ہوئے خود کو اسلامیہ کالج یونین کا عہدیدار بتایا۔ اس پر ثاقب نثار نے گستاخی کی کہ ’بورڈ کی رکنیت چھوڑیں اور جا کر کالج یونین چلائیں‘۔ ثاقب نثار کی اس جسارت پر ملک بھر میں احتجاج ہوا۔ ریٹائر منٹ کے بعد ثاقب نثار برطانیہ گئے تو ان کی مدارات کے حوالے سے نیاز مند نے یکم جولائی 2019ءکو ایک طنزیہ تحریر رقم کی تھی جسے 22 نومبر 2026ءکو حسین نقی کی رحلت کے تناظر میں دوبارہ شائع کیا جا رہا ہے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار17جنوری 2019 ءکی شام تک پاکستان کی ہر دلعزیز ترین شخصیت تھے۔ انہوں نے قوم کو انصاف، آبی ذخائر اور مانع حمل آگہی مع ضروری accessories فراہم کرنے کا ذمہ اپنے ذمہ لے رکھا تھا۔ وہ انتخابی امیدواروں (از قسم شیخ رشید) کے ساتھ ہسپتالوں کا معائنہ کرتے تھے۔ جیل سے طبی وجوہات کی بنا پر ہسپتال منتقل کئے گئے قیدیوں (از قسم شرجیل میمن) کے کمروں کی الماریاں کھول کر صفائی ستھرائی کا جائزہ لیتے تھے۔ بٹن آگے پیچھے کر کے سپریم کورٹ کو ٹرائل کورٹ میں بدل دیتے تھے۔ ماتحت عدالتوں میں ججوں کے موبائل فون چیک کرتے تھے تا کہ کوئی جج عدالتی اوقات میں ممنوعہ مواد دیکھنے کا مرتکب نہ پایا جائے۔

ہمارے ایک اور چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے از خود نوٹس کا بطلیموسی نظریہ پیش کیاتھا، جسٹس ثاقب نثار نے نظام عدل میں جے آئی ٹی کی کلیدی اہمیت دریافت کی۔ جے آئی ٹی میں سول، عسکری اور انتظامی اداروں کی یکجائی کے ذریعے جسٹس ثاقب نثار نے unification of forces کے طبعیاتی تصور کو unity of command کے عسکری فارمولے میں تبدیل کیا۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو اپنی حضور پیش ہونے والے افراد کی تعلیمی اہلیت نیز تقرری کی تفصیلات جاننے میں خاص دلچسپی تھی۔ وہ ملک کے کسی بھی نامور ادیب یا سفارت کار سے الٹے سیدھے سوال پوچھ سکتے تھے۔ اتوار کے روز اہل صحافت کا میلہ لگا سکتے تھے۔ اعلیٰ سرکاری افسر کو عدالت میں سیدھا کھڑے ہونے کی تادیب کر سکتے تھے۔ اشرافیہ کے ’اوپر نیچے درمیان‘ والے جھگڑے اپنے چیمبر میں سلجھا سکتے تھے۔ ڈکشنری سے قانونی اصطلاحات برآمد کر سکتے تھے۔

جسٹس ثاقب نثار کے روحانی تصرف کا کرشمہ تھا کہ ملک کی بوڑھی عورتوں کو علم ہوتا تھا کہ انصاف فراہم کرنے والے سب سے بڑی ہستی کی گاڑی کس سڑک سے کس وقت گزرے گی۔ وہ عین وقت پر سڑک پر لیٹ کر آہ و زاری شروع کر دیتی تھیں۔ جس پر جسٹس ثاقب نثار گاڑی سے اتر کر انصاف فراہم کرتے تھے۔

مسٹر جسٹس ثاقب نثار اکثر تفکر بالجہر کیا کرتے تھے کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ملک کا کیا بنے گا؟ علامہ اقبال کسی پہاڑی ندی کے کنارے ایک کٹیا میں قیام کی آرزو رکھتے تھے، جسٹس ثاقب نثار چاہتے تھے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ایک عدد منجی اور ایک ڈانگ دی جائے۔ وہ اپنے موعودہ ڈیم کے کنارے چارپائی پر بیٹھ کر چوکیداری کرنا چاہتے تھے تاکہ کوئی ملک دشمن عورت ڈیم کے پانی میں تاریخ کے گندے کپڑے دھونے کی جسارت نہ کرے۔ کوئی بکری پانی پی کر ملکی اثاثوں کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ مسٹر جسٹس ثاقب نثار قومی اثاثوں کی حفاظت بالخصوص سیاست دانون کے اثاثوں کی تحقیق میں خاص دلچسپی لیتے تھے۔ فنون لطیفہ سے متعلقہ افراد بالخصوص طبقہ اناث جسٹس ثاقب نثار کی اثاثوں میں دلچسپی سے گھبرا کر ملک چھوڑ گیا۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو اگر کبھی شبینہ مجلس میں اپنے کسی دوست کے ذاتی جھگڑے کی اطلاع ملتی تو وہ بے قرار ہو کر متعلقہ ادارے کے بورڈ آف گورنرز کو طلب کر کے چیختے چلاتے تھے کہ حسین نقی کون ہے؟ اگرچہ اس لغو سوال پر انہیں ملک بھر سے تحسین و تبریک کے ٹوکرے قطار اندر قطار موصول ہوئے لیکن ان کی کماحقہ تشفی نہیں ہو سکی۔

جسٹس ثاقب نثار فرانس کے ایفل ٹاور پر چڑھ کر پکارنا چاہتے تھے کہ ’حسین نقی کون ہے؟‘

جسٹس ثاقب نثار امریکہ کے مجسمہ آزادی کی ہوا میں اٹھی مشعل سے لپٹ کر پوچھنا چاہتے تھے کہ حسین نقی کون ہے؟

جسٹس ثاقب نثار لندن کے بگ بین کی چھوٹی سوئی سے لٹک کر سوال کرنا چاہتے تھے کہ حسین نقی کون ہے؟

اگرچہ مسٹر جسٹس ثاقب نثار بدیسی حکمرانوں کے بنائے ظالمانہ قوانین کے باعث ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن ان کی وطن دوستی کو میٹھا برس لگا ہے اور وہ جاننا چاہتے ہیں کہ حسین نقی کون ہے؟ وہ چاہتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ان کی موہنی شخصیت سے متاثر ہو کر پاکستانی خزانے کو ڈالر اور پاؤنڈ جیسے قیمتی سکوں سے مونہا منہ بھر دیں۔ اس ضمن میں جسٹس ثاقب نثار نے وفاقی وزیر فیصل واڈا کی صورت میں اپنا دست راست دریافت کیا ہے۔

جسٹس ثاقب نثار گزشتہ دو ہفتے سے اپنے مداحوں کو درشن دینے کیلئے برطانیہ میں ہیں وہ چاہتے ہیں کہ چندے میں ملنے والے ہر ڈالر یا پاؤنڈ کے بدلے منہ اوپر اٹھا کے فلک کج رفتار سے پوچھیں کہ حسین نقی کون ہے؟

ذرائع کے مطابق جسٹس ثاقب نثار کی فنڈ ریزنگ مہم سے منسلک مقامی منتظمین کم از کم تین مجوزہ تقریبات منسوخ کر چکے ہیں کیونکہ پاکستانیوں کو جسٹس ثاقب نثار کے دیدار میں کوئی دلچسپی نہیں۔

جسٹس ثاقب نثار ایک خاندانی آدمی ہیں چنانچہ وہ فیملی سمیت لندن پہنچے ہیں۔ آئی ایم پاکستان ورلڈ وائیڈ موومنٹ نے اعلان کیا تھا کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے برمنگھم، مانچسٹر اور لندن میں جسٹس ثاقب نثار اور فیصل واوڈا کے ساتھ تین آگہی ڈنرز منعقد ہوں گے۔ تاہم لندن پہنچنے پر معلوم ہوا کہ عوام کی عدم دلچسپی کے باعث ان میں سے کوئی تقریب منعقد نہیں ہو سکتی۔ وائے افسوس کہ جسٹس ثاقب نثار کے’دور‘ میں انکے قصیدے لکھنے والے صحافیوں نے بھی اس دورے میں پاکستان کے آبی ذخائر نیز مانع حمل مہم میں دلچسپی نہیں دکھائی۔ آئی ایم پاکستان ورلڈ وائیڈ موومنٹ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ تنظیم کو ملک کے آئندہ سیاسی حالات اور نئے نجات دہندہ کی ہدایت پر ازسرنو مرتب کیا جائے گا۔

سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ، مسٹر جسٹس ثاقب نثار کو برطانیہ کے دورے میں پوری طرح معلوم ہو گیا ہے کہ حسین نقی کون ہے نیز یہ کہ حسین نقی اور ثاقب نثار میں کیا فرق ہے؟

تازہ ترین