• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے محلے میں ایک نوردین ٹی اسٹال ہے،اس کا مالک نور دین بڑا ایماندار آدمی ہے،اس کے پاس ملک چلانے کے بے شمار منصوبے ہیں لیکن اس کا ٹی اسٹال نہیں چلتا۔اس کا ٹی سٹال نہ چلنے کی دیگر وجوہ میں سے ایک وجہ یہ ہے کہ سارا دن اس کی دکان پر محلے بھر کے "ویہلے"نوجوانوں کاجمگھٹا لگا رہاتا ہے جو گاہک نہیں ہوتے بلکہ گاہک بھگانے والے ہوتے ہیں کیونکہ انہیں دیکھ کر کوئی شریف آدمی ادھر کا رخ نہیں کرتا۔خود میرا اپنا شریف ہونا بھی مشکوک ہو گیا ہے کیونکہ میں اکثر اسکی دکان پر پایا جاتا ہوں اور میرے اس دکان پر پائے جانے کی وجہ نور دین کی حب الوطنی،ایمانداری اور اس کی بیوقوفی کی باتیں ہیں جنہیں وہ پورے دانشورانہ انداز میں پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے!

چند ہفتے پہلے میں اس کی دکان پر بیٹھا حالات حاضرہ پر اس کی حکیمانہ گفتگو سن رہا تھا کہ اچانک وہ جوش میں آگیا اور اس عالم جوش میں وہ بھول گیا کہ اس نے انگیٹھی پر پانی گرم کرنے کیلئے دھری تام چینی کی چینک رومال سے پکڑنے کی بجائے براہ راست ہاتھ سے پکڑ لی ہے جس کے نتیجے میں وہ کافی دیر تک اپنی انگلیاں منہ میں ٹھونس کر بیٹھا رہا۔ جب اس کی جلن میں قدرے کمی آئی تو بولا "قاسمی صاحب ہماری حکومتیں تو بیوقوف ہیں،انہیں ملک چلانا ہی نہیں آتا"میں نے اس کی تائید میں سر ہلایا تو اسے اپنی بات میں پہلے سے زیادہ وزن محسوس ہوا چنانچہ جوش وخروش سے بولا"عوام کےمسائل کیاہیں؟ غربت، افلاس، جاگیرداری، بیروزگاری، دہشت گردی،ڈاکے،خودکشیاں ،اغوا، جبری عصمت دری ،لاقانونیت،تھانے کچریوں میں ہونے والے مظالم اور نا انصافیاں ملاوٹ، رشوت، ناجائز قبضے،صحت اور صفائی کی ناکافی سہولتیں اور قدم قدم پر عزت نفس کی پامالی! کیوں قاسمی صاحب یہی مسئلے ہیں نا! جمہوریت تو کوئی مسئلہ نہیں؟"

میں نے کہا "نور دین تم صحیح کہتے ہو،بنیادی مسئلے تو واقعی یہی ہیں،یہ حل ہو جائیں تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے۔مگر اس وقت پوری دنیا میں جمہوریت..... "نور دین نے مجھے درمیان ہی میں ٹوک دیا"میں ادھر بھی آتا ہوں، آپ پہلے میری اس بات کا جواب دیں کہ کیا پاکستان کی کوئی حکومت یہ مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے؟"میں نے کہا نہیں!"مگر اس کیلئے کوششیں تو ہوتی رہی ہیں"نور دین میری یہ بات سن کر ہنسا اور پوچھا "تو بتائیں یہ کوششیں کامیاب کیوں نہیں ہوئیں؟"میں نے کہا"اس کی بہت سی دوسری وجوہ کے علاوہ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہمارے ہاں کسی منتخب حکومت کو پوری دلجمعی کے ساتھ اور پورا عرصہ کام ہی نہیں کرنے دیا گیا"اس پر نوردین گرمی کھا گیا"میں ادھر بھی آتا ہوں۔پہلے ناکامی کی وجہ سن لیں،اصلاح احوال میں ناکامی کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پریس کو پوچھنے والا ہی کوئی نہیں،یہ لوگوں کو مسلسل یاد دلاتا رہتا ہے کہ تم بھوکے ہو،غریب ہو،مظلوم ہو،اگر پریس کو لگام دیدی جائے تو کبھی لوگوں کا دھیان ان مسئلوں کی طرف جائے گا ہی نہیں اور یوں سارے مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے "میں نے نور دین کی یہ گفتگو سنی تو گھبرا کر ادھر ادھر دیکھا کہ کہیں وزیر اطلاعات تو کان لگا کر یہ گفتگو نہیں سن رہے؟

خدا کا شکر ہے کہ نور دین کو میری گھبراہٹ کا اندازہ نہیں ہوا ورنہ میں اسکی عالمانہ گفتگو کے چسکے سے محروم رہ جاتا اس نے مجھے اپنی طرف متوجہ پایا تو ایک دفعہ پھر رواں ہو گیا"اب میں آتا ہوں آپ کی جمہوریت،انسانی حقوق،آئین اور اس طرح کے جو دوسرے لفظ آپ لوگ بولتے رہتے ہیں،اس کی طرف! کیا ضرورت ہے اخباروں میں یہ خبریں شائع کرنے کی کہ فلاں کو بغیر وجہ بتائے نا معلوم مقام پر قید کر دیا گیا،فلاں کو پھینٹی لگائی گئی،ملزم کو اپنا جرم خود ثابت کرنا پڑے گا۔امن و امان حکومت کی ذمہ داری نہیں،عوام اپنی حفاظت خود کریں وغیرہ وغیرہ،حکومت ایک قانون بنائے کہ امن عامہ میں خلل ڈالنے والی اس طرح کی خبروں اور کالموں اور اداریوں پر حکومت کو ہر قسم کی کارروائی کا اختیار ہوگا بلکہ میرا مشورہ تو یہ ہے کہ ٹی وی اور ریڈیو کی خبریں ہی کافی ہیں انتشار پھیلانے والے اخبارات بند ہی کر دینا چاہئیں،ان سے بیرون ملک پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے"میں نے ایک دفعہ پھر گھبرا کر ادھر ادھر دیکھا کہ کہیں اس دفعہ یہ آئینی یا قانونی مشورے"آئینی ترامیم "کا کوئی ماہر نہ سن رہا ہو!

اس گفتگو کے چند روز بعد میں ایک بار پھر نور دین کی گفتگو کے چسکے لینے کیلئے اس کی دکان پر گیاتو دیکھا"نور دین ٹی اسٹال "کا بورڈ غائب تھا اوردکان کو تالا لگا ہوا تھا،میں نے باہر کھڑے بھولے سے پوچھا کہ معاملہ کیا ہے؟اس نے اپنی چیحپی ناک میں ڈالتے ہوئے کہا"اللہ بہتر جانتا ہے جی،سنا ہے اسلام آباد گیا ہوا ہے،کہتا تھا"وزیر قانون"کا فون آیا ہے!"

تازہ ترین