بالی ووڈ فلم ساز سورج برجاتیا نے چار سال کے وقفے کے بعد فلم ’یہ پریم مول لیا‘ کے ذریعے ہدایت کاری کی دنیا میں واپسی کی ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنے والے اداکار اکثر ان کے نرم گفتار اور معاون رویے کی تعریف کرتے ہیں۔
تاہم حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فلم ساز نے انکشاف کیا کہ ایک مرتبہ فلم میں پریم کی دیوانی ہوں کی شوٹنگ کے دوران وہ سخت غصے میں آگئے تھے۔
انھوں نے فلم کے سیٹ کا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ابھشیک اور کرینہ دونوں بہت اچھے انسان ہیں اور مجھے ان دونوں سے بہت لگاؤ ہے، لیکن وہ دونوں بہت شرارتی تھے۔ جب بھی وہ سیٹ پر ملتے تھے، مجھے ایک بھی ریہرسل کرنے کا موقع نہیں ملتا تھا وہ مسلسل مذاق کرتے رہتے تھے اور ہم سب جانتے ہیں کہ ابھشیک کتنے بڑے شرارتی ہیں۔
لیکن اس وقت میری نیند بھی پوری نہیں ہوئی تھی اور وقت بھی تیزی سے گزر رہا تھا، میں ابھشیک اور کرینہ کپور پر برہم ہوگیا اور میں نے غصے میں اپنا مائیک ان کی طرف پھینک دیا۔
یاد رہے، میں پریم کی دیوانی ہوں 2003 کی رومانوی کامیڈی فلم تھی، اس میں ریتک روشن، کرینہ کپور اور ابھشیک بچن نے مرکزی اور سینئر اداکاروں ریما لاگو، پنکج کپور اور ہیمانی شیوپوری نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔
نامور فنکاروں کی بڑی تعداد کے باوجود فلم کو ملے جلے تبصرے ملے اور یہ باکس آفس پر بھی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس کے کئی ڈرامائی مکالمے اور مناظر سوشل میڈیا صارفین کے لیے میمز کا موضوع بن گئے۔
سورج برجاتیا کی نئی فلم یہ پریم مول لیا میں آیوشمان کھرانہ اور شروری مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم گزشتہ روز ریلیز ہوئی ہے۔