• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی انڈسٹریل اسٹیٹ صنعتی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی: ڈی سی او گجرات

گجرات (نمائندہ جنگ) ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ گجرات میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ شہر میں صنعتی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی‘چیمبر آف کامرس کے ممبران اور اہل گجرات کے تعاون سے گجرات تیزی سے ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے اور آئندہ چند سالوں میں یہ ترقی کے لحاظ سے سیالکوٹ سے آگے نکل جائے گا۔ان خیالات کا اظہارڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران  کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس کی صدارت صدر چیمبر آف کامرس میاں محمد اعجاز نے کی جبکہ وائس چانسلرگجرات یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاء القیوم‘ اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا بھی اجلاس میں موجود تھے۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے چیمبر آف کامرس کی مشاورت سے اراضی کا انتخاب کیا جاچکا ہے جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے حکومتی سطح پر کاروائی بھی جلد مکمل کرلی جائے گی جس کے بعد مقامی صنعتکار یہاں کاروبار کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات شہر کی خوبصورتی کے لئے چیمبر آف کامرس نے مثالی کردا رادا کیاہے اور سب سے پہلے ساڑھے پانچ ملین کی لاگت سے 14 کلو میٹر طویل جی ٹی روڈ کے میڈیم پر خوبصورت پودے لگوائے جو شہر کے حسن میں بے پناہ اضافہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور کڈنی سنٹر کے قیام کے لئے گجرات چیمبر کے ممبران کا تعاون بھی مثالی ہے۔ ان منصوبہ جات کی تکمیل سے گجرات کے شہریوں کوعلاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسر آسکیں گی۔ ڈی سی او نے کہا کہ جمخانہ گجرات جدید ترقی یافتہ گجرات کی پہچان بنے گا اور گجرات کے لوگوں کو تفریح کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔قبل ازیں چیمبر آف کامرس گجرات کے صدر میاں محمد اعجاز نے گجرات کی ترقی کیلئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کے کردار کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے کڈنی سنٹر اور دیگر منصوبہ جات کا قیام لیاقت علی چٹھہ کی بہترین انتظامی صلاحیتوں کا ثبوت ہے انہوں نے ٹانڈہ چوک جلالپور جٹاں اورٹانڈہ میں سرکاری پارک سے تجاوزات کے خاتمہ پر ڈی سی او کی کاوشوں کو سراہا۔
تازہ ترین