• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں بوگس بھرتیاں اور خوردبرد، 3 سال میں اینٹی کرپشن اور نیب تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تین برس کے بعد بھی بوگس بھرتیوں اور فنڈز میں خوردبرد کرنے کے حوالے سے اینٹی کرپشن اور نیب کی تحقیقات مکمل نہ ہوسکیں، ادارے کے ڈی جی سلیمان کھوڑو نے کہا کہ غیرقانونی بھرتیوں سمیت فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے 1993میں حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو توڑ کر بنائے گئے ادارے سیہون ڈولپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اب مبہم ہونا شروع ہوگئی ہے۔ ادارے میں اس وقت متعدد ملازمین و افسران تعینات ہیں جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، اسسٹنٹس، اسٹینوگرافرز،  کلرکس، مالی اور دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق 2013میں اس وقت کے ڈی جی آغا خلیل کے دور میں ادارے میں   بوگس بھرتیوں اور ترقیاتی اسکیموں میں کروڑوں روپے کی خورد برد پر قومی احتساب بیورو( نیب) اور اینٹی کرپشن کی جانب سے تحقیقات کا عمل شروع ہوا تھا جو ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا، دوسری جانب 3 ماہ قبل ڈائریکٹر جنرل سیہون ڈولپمنٹ اتھارٹی کے عہدے پر فائز علی ڈنو گولاٹی نے جنگ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ 2012سے لیکر اب تک 50 سے زائد ملازمین ایسے بھرتی کئے گئے ہیں جن کی اسامیوں کے لئے مذکورہ ادارے کی جانب سے نہ تو اشتہارات شائع کرائے گئے اور نہ ہی دیگر قوانین پر عملدرآمد کیا گیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی  کہ مذکورہ بھرتی کئے گئے ملازمین تعلیم اور دیگر مطلوبہ تجربے کے لحاظ سے بھی اہل نہیں ہیں جبکہ سابقہ سیکریٹری بلدیہ کو معاملے کی جانچ کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایات کی، کمیٹی تو بنائی گئی مگر تحقیقات نہیں کی گئی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ہر سال رہائشی اسکیموں اور ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں مذکورہ ادارے کو کروڑوں روپے کا بجٹ دیا جاتا ہے مگر وہ رقم بھی خورد برد ہونے کی اطلاعات و شکایتیں موصول ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں، سیہون ڈولپمنٹ اتھارٹی کے ایک بالا افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل کی ہر دو یا تین ماہ بعد تبدیلی نے بھی ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگادیا ہے جبکہ بیشتر اسکیمیں تاخیر کا شکار ہیں۔ جنگ کی جانب سے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سیکریٹری سلیمان کھوڑو نے کہا کہ نیب اور اینٹی کرپشن معاملات کی تحقیقات کررہے ہیں جب تک جانچ مکمل نہیں ہوتی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر و سرکل افسر اینٹی کرپشن جامشورو علی اکبر بروہی نے رابطہ کرنے پر کہا کہ مذکورہ تحقیقات جاری ہیں، اس سلسلے میں متعلقہ انکوائری افسر ہی مزید پیشرفت سے آگاہ کرسکتا ہے دوسری جانب قومی احتساب بیورو کے ترجمان ضمیر عباسی کو فون کیا گیا اور پیغامات بھی بھیجے گئے مگر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ 
تازہ ترین