راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)پنجاب حکومت نے کانگو کے حوالے سے راولپنڈی ڈویژن کے دو اضلاع اٹک اور چکوال کو حساس ترین قرار دیدیا ہے۔جس کے بعد ان اضلاع میں ڈور ٹو ڈور سپرے اور جانوروں کو انجکشن لگائے جارہے ہیں۔ضلع اٹک میں66فیصد جبکہ ضلع چکوال میں59فیصد سپرے اور انجکشن لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن راولپنڈی ڈویژن طارق محمود نے کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع کو عید سےقبل 100فیصد انجکشن اور سپرے کا کام مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دیدی گئی ہے۔منڈیوں میں سپرے کے بغیر جانوروں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ایم ڈی کیٹل مارکیٹس اور ڈی او لائیو سٹاک کو ہدمایت کی گئی ہے کہ شہروں اور منڈیوںمیں کوئی جانور بغیر انجکشن اور سپرے داخل نہ ہو۔اگر اس کے باوجود کوئی چیچڑ والا جانور لائے تو اس بیوپاری کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کانگو وائر س کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور تمام داخلی و خارجی راستوں پرچیک پوائنٹس قائم کرکے گزرنے والے تمام مویشیوں پر کانگو وائرس سے بچائوکا سپرے کیا جائے تاکہ گانکو وائرس پھیلنے نہ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ایک شہر سے دوسرے شہر میں قربانی کے جانور منتقل کرنے پر کانگو وائرس پھیلنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویثرن میں تمام مویشی منڈیوں میں ویٹرنری ڈاکٹر اور لایئو سٹاک کے عملے کی تعیناتی ہر صورت یقینی بنائی جائے اورویٹرنیری ڈاکٹر ز کے چیک اپ کے بعد منڈی میں جانور لانے کی اجازت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کی صفائی اور کانگو وائرس سے بچائو کا سپرے کیا جائے تاکہ کانگو وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔