اسلام آباد (خبر نگار) تحریک انصاف نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ڈیلی ویجرز اساتذہ اور عملے کی مستقلی کے لئے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو خط لکھا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے خط میں کہا ہے کہ وزیرمملکت قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے کابینہ کی سفارشات پر عملدرآمد کے احکامات جاری کریں۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق خط میں اسد عمر نے طارق فضل چوہدری سے کہا ہے کہ آپ قومی اسمبلی ، قائمہ کمیٹی اور میڈیا سمیت مختلف فورمز پر تجاویز پر عملدرآمد کا وعدہ کر چکے ہیں ، آپ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں اساتذہ اور عملے کو مستقل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ خط کے مطابق اسد عمر نے مزید کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت خزانہ کی حمایت سے وزیراعظم کو سمری بھی بھیجی گئی لیکن بعد میں وزارت خزانہ نے خلاف اختیار قائمہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل روک دیا جبکہ ملازمین کو مستقل کرنے میں وزارت خزانہ کا کوئی کردار نہیں۔