• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کا ایک اور ’مجرم‘

Another Culpirt Of Pakistan In Bangladesh
عاقب علی .... بنگلا دیش میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا دورہ ،ڈھاکا کیفے حملہ کے ماسٹر مائنڈ کی ہلاکت اور جماعت اسلامی کے سینئر لیڈر میر قاسم علی کی پھانسی کی سزا پر سپریم کورٹ میں دائر ریوو اپیل مستر د کئے جانے جیسے ایشوز زیر بحث ہیں۔

بنگلادیشی حکومت نے پاکستان کی محبت کو جرم قرار دیتے ہوئے 63برس کے میر قاسم علی جو جماعت اسلامی بنگلادیش کے مرکزی رہنما اور ملک کی بڑی کاروباری شخصیت ہیں انہیں پھانسی دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل شیخ حسینہ واجد کی حکومت امیر جماعت اسلامی بنگلادیش مطیع الرحمٰن نظامی،علی حسن مجاہد،قمر الزامان،عبدالقادر ملا اور بنگلادیش نیشنل پارٹی کے صلاح الدین چوہدری کوتختہ دار پر لٹکا چکی ہے ۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے انٹر نیشنل کرائم ٹربیونل کی شفاف کہی جانے والی کارروائی کے طریقہ کار پر اپنے خدشات کا اظہار کررکھا ہے ۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ سریندر کمار سنہا کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے ریوو اپیل مسترد کرنے کا فیصلہ دیا۔چیف جسٹس نے دوران سماعت صرف ایک لفظ’ مسترد ‘کہا ۔

سپریم کورٹ نے رواں برس مارچ میں بنگلا دیش کے نام نہاد جنگی جرائم کے ٹربیونل سے ملنے والی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھا تھاجس کے بعد ان کے صاحبزادے میر احمد بن قاسم نے سپریم کورٹ میں ریوو اپیل دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔

میر قاسم علی جنہیں بنگلادیشی صدر سے رحم کی اپیل نہ کرنے پر کسی بھی وقت پھانسی دی جاسکتی ہے ،ان کے وکیل محبوب حسین نے کہا کہ ’اب قانونی جنگ تمام ہوئی ‘۔

دوسری جانب اٹارنی جنرل محبوب عالم کے مطابق صدر سے رجوع نہ کرنے پرسزا پر عمل درآمد ہی باقی رہ جاتا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل سائوتھ ایشیا کی ڈائریکٹر چمپا پٹیل نے میر قاسم علی کی پھانسی کی اپیل مسترد کئے جانے پر کہا کہ یک بعد دیگرے ہونے والی پھانسیوں کے ذریعے 1971ء میں جان سے جانے والوں کو انصاف نہیں ملے گا بلکہ معاشرتی تقسیم میں اضافہ ہوگا جس کے بعد یقینی طور پر اندرونی کشیدگی بڑھے گی ۔

جماعت اسلامی بنگلادیش نے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات میں اپنے رہنما کو دی گئی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھے جانے پر آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔

بنگلا دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے 2010ءمیں جنگی جرائم کا نام نہاد ٹربیونل قائم کیا تھا جس نے میر قاسم علی کوپاکستانی افواج کے ساتھ مل کر 14انسانیت سوز جرائم میں 2نومبر 2014ء کو پھانسی اور 72 برس قید کی سزا سنائی تھی ۔

جان کیری نے اپنے دورے میں بنگلا دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد ،وزیر خارجہ حسام محمود علی سے ملاقاتوں ،گزشتہ ماہ ہونے والی دہشت گردی میں داعش کے ملوث ہونے پر بات کی تاکہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ڈھاکا کو واشنگٹن کا ہمنوا بنایا جاسکے لیکن بنگلادیشی حکام نے حالیہ دہشت گردی کو مقامی کالعدم تنظیم جمعۃ المجاہدین بنگلادیش ( جے ایم بی ) کی کارروائی قرار دینے پر ہی اصرار کیا ہے۔

بنگلادیش میں حالیہ برسوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں تیزی آئی ہے ۔یکم جولائی کو ڈھاکا میں ایک کیفے پر حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے 17غیرملکی تھے جبکہ 7جولائی کو ڈھاکا مارکیٹ کی عیدگاہ کے باہر بھی بم دھماکا کیا گیا تھا۔

چند روز قبل پولیس نے بنگلا دیشی نژاد کینیڈین شہری تمیم چوہدری کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر ڈھاکا کے قریبی شہر نارائن گنج میں واقع دو منزلہ عمارت پر چھاپہ مارا تو وہاں اس کے دیگر 2 ساتھی بھی موجود تھے جو مقابلے میں مارے گئے ۔

بنگلا دیش کے پولیس چیف اے کے ایم شاہد الحق نے مقابلے میں مارے جانیوالوں میں سے ایک کو یکم جولائی کو ڈھاکا کے ایک کیفے پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے ،حملے میں17غیر ملکیوں سمیت 20 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔

شاہدالحق کے مطابق تمیم چوہدری پولیس کو 7 جولائی عیدگاہ کےباہر ہونے والے دھماکے میں مطلوب تھا ، کارروائی کے دوران مارے جانے والے تمام ہی دہشت گردوں کا تعلق جے ایم بی سے ہے۔

دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ اور ان میں بڑے گھرانوں اور تعلیمی اداروں کے افراد کی شمولیت ،امریکا اور بنگلادیش کے تعلقات اور میر علی کی پھانسی کے بعد جماعت اسلامی بنگلا دیشی معاشرت میں آنے والی تبدیلیاں بہت کچھ بدلنے کا واضح اشارہ ہیں۔
تازہ ترین