نیوکاسل (پ ر) آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے میرپور میں نیوسٹی ٹیچنگ ہسپتال بند کرنے کے فیصلہ پر برطانیہ میں تارکین وطن کشمیریوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی۔ ان خیالات کا اظہار سابق سیکرٹری جنرل پی ایم اے ضلع میرپور و مرکزی رہنما کشمیر پی ٹی آئی برطانیہ ڈاکٹر پرویز چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے اندر علاقائی ازم اور برادری ازم کے تعصبات کو فروغ دینے سے گریز کریں ورنہ اس کے نتائج بڑے بھیانک ہوں گے۔ حکومت کے قیام کے فوری بعد تعلیمی بورڈ میرپور کی تقسیم کا اعلان، ایم ڈی ایچ اے کو ایم ڈی اے میں ضم کرنا اور اب نیوٹیچنگ ہسپتال کی بندش سے راجہ فاروق حیدر نے اپنی ذہنیت اور منفی سوچ سب پر عیاں کردی ہے۔ میرپور کے غیرمت مند عوام کے ساتھ ساتھ تارکین وطن کشمیری بھی کسی ادارہ کو تقسیم یا نیوسٹی ٹیچنگ ہسپتال کی بندش کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ میرپور کے اندر تعلیمی بورڈ، ایم ڈی اے اور ٹیچنگ ہسپتال قومی اور ریاستی اثاثہ ہیں ان کی تقسیم اور بندش سے بہت سارے مسائل جنم لیں گے۔ جن کا فاروق حیدر حکومت کو ادراک نہیں ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر اضلاع کے درمیان تعصبات کی جنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ چھ سال قبل متاثرین منگلا ڈیم کی قربانیوں کے بدلے نیو سٹی ٹیچنگ ہسپتال دیا گیا تھا جہاں روزانہ600سے زائد مریض علاج معالجہ سے مستفید ہو رہے ہیں175کے قریب ملازمین کام کر رہے ہیں حکومت کو چاہئے تھا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں مزید سہولیات دیں مگر میرپور دشمنی میں اس کو بند کر رہی ہے میرپور کے عوام کے ساتھ دشمنی قابل مذمت ہے۔