• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ مال ضلع راولپنڈی نے نالوں کا ابتدائی سروے مکمل کر لیا

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)محکمہ مال ضلع راولپنڈی کے مطابق نالہ لئی پر گوالمنڈی تا عمار چوک کوئی تجاوز نہیں ہے۔جبکہ راولپنڈی کے تمام نالے پرائیویٹ جگہوں سے گزرتے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے حکم پر محکمہ مال ضلع راولپنڈی نے نالوں کا ابتدائی سروے مکمل کرلیا ہے۔جس کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر راولپنڈی عارف رحیم نےاین ٹی او ملک جاوید کی سربراہی میں کئے جانے والے حالیہ سروے کے بعد نالوں پر تجاوزات کے حوالے سے معاملہ ٹی ایم اے راول ٹائون کو بھجوایا ہے تاکہ تجاوزات کی نشاندہی کرکے ان کو ختم کیا جاسکے۔ذرائع کے مطابق نالوں کے حوالے سے نئی حدبندی کرنے کی تیاریاں  کی جارہی ہیں۔جس کے تحت ٹی ایم اے راول ٹائون کی طرف سے نالوں پرتعمیر شدہ دیواروں اور آبادی کے درمیان سے گزرنے والی حد کو بنیاد بنایا جائے گا۔جس کے بعد ایک حد کاتعین کرکے اس کے مطابق نالے کی چوڑائی کو بحال کیا جائے گا۔ ماضی میں محکمہ مال اور اس کے بعد راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی بھی نالوں کی چوڑائی کے حوالے سے ڈیٹا تیار کرچکے ہیں۔جس میں تضاد بھی پایا جاتا ہے۔راولپنڈی کے سابق ڈی سی او ثاقب ظفر نے اس کٹھن کام کو آسان بنانے کیلئے  چار اپریل2012ء کو نالہ لئی سمیت ضلع بھر کے105نالوں کے ریونیو سروے،ان پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کئے تھے۔جن کو سنجیدہ نہیں لیا گیا تھا۔اوران کے تبادلے کےبعد اس پر کوئی کام نہیں کیا گیا ۔جس کے باعث نالوں پر تجاوزات بڑھی ہیں۔اور ان کی اصل حدود کی نشاندہی مشکل ہوچکی ہے۔محکمہ مال زرائع کے مطابق راولپنڈی کے نالوں کی چوڑائی کا تعین ایک کٹھن معاملہ ہے۔لوگوں نے ملی بھگت کرکے تعمیرات کررکھی ہیں۔دوبارہ اصل نشاندہی مشکل ہوچکی ہے۔اس لئے نئی حد بندی کرکے معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔محکمہ مال ریکارڈ کے مطابق نالہ لئی کاکوئی ریونیو ریکارڈ نہیں ہے۔نالہ لئی ڈھوک نور دیہاتی تا ڈھوک منگٹال خسرہ نمبر139,149,120,122,123,113,114,112,50,51,86,87میںسے گزرتا ہے اور موضع منگٹال پرائیویٹ افراد کی ملکیت ہے۔اسی طرح نالہ لئی نیو کٹاریاں تا پھگواڑی عیدگاہ موضع پنڈورہ دیہاتی کے خسرہ نمبر8,9,10سے گزرتا ہے۔جو1983میں آبادی دیہہ شامل کیا گیا تھا۔اس علاقے میں نالہ لئی کی چوڑائی82فٹ تا83فٹ ہے۔محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق روالپنڈی کے بڑے نالوں میں رتہ امرال کے دونوں نالے جن میں دسویں نمبر والا پولیس چوکی اورگیارویں نمبر والا سید میر کالونی کے نالے شامل ہیں پولیس چوکی والا نالہ خسرہ نمبر2178,1660,190سے گزرتا ہے جس کا رقبہ 16کنال5مرلہ بنتا ہے اور ریونیو ریکارڈ کے مطابق یہ اراضی موضع رتہ امرال قصباتی ہے اس نالے کی چوڑائی39سے 40فٹ ہے اور خانہ کاشت میں مقبوضہ مالکان درج ہے۔سید میر کالونی والا نالہ خسرہ نمبر 390,360,358,357سے گزرتا ہے۔جو موضع رتہ امرال قصباتی کے ہیں۔خسرہ نمبر360,357,390کے خانہ کاشت میں مقبوضہ مالکان جبکہ خسرہ نمبر358مختلف پرائیویٹ مالکان کا نام ہے ۔اس  نالے کی چوڑائی 20فٹ ہے۔محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق نالہ نمبر ایک خیابان سرسید،دوسرے نمبر والاسید پور روڈ،پانچویں نمبر کی کسی ملپور،ساتویں نمبر والامحلہ وارث خان اور آٹھویں نمبر والابوہڑ بازار تمام کے تمام موضع راولپنڈی سکنی کے خسرہ نمبرز1977 اور4392 میں سے گزرتے ہیں۔جو آبادی دیہہ میں شامل ہیں۔محکمہ مال ریکارڈ کے مطابق خیابان سرسید نالے کی چوڑائی30سے44فٹ،سید پور نالے کی چو ڑائی15سے 18فٹ،کسی ملپور کی چوڑائی28سے44فٹ اور بوہڑ بازار نالے کی چوڑائی20سے25فٹ ہے۔اسی طرح چھٹے نمبر والا جو ڈھوک الہی بخش اورجاوید کاونی والا نالہ ہے۔یہ موضع مریڑ حسن قصباتی کے خسرہ نمبرز 153,161,147,145,106,2004,1228/1,497,507,70,647,658,654 سے گزرتا ہے جو 1982 میں آبادی دیہہ میں شامل کئے گئے اور مختلف پرائیویٹ مالکان کی ملکیت ہیں۔اس کے برعکس راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے مطابق راولپنڈی شہر کی میونسپل حدود میں نالہ لئی کے علاوہ تقریبا13 بڑے نالے اور 400سے زیادہ چھوٹے نالے ہیں۔ پہلابڑا نالہ  خیابان سرسید آئی جے پی روڈ کا ہے جو 15کلومیٹر لمبا اور 30سے40فٹ چوڑا ہے۔دوسرا نالہ سیدپور روڈ،بنی محلہ،تھنڈی گلی،امام باڑہ روڈ،جامع مسجد روڈ والا ہے۔جوپانچ کلومیٹر لمبا اور 15سے18فٹ چوڑا ہے۔تیسرا نالہ ڈھوک حسو تا ڈھوک منگٹال کا ہے جو آٹھ کلومیٹر لمبا اور 15سے20فٹ چوڑا ہے۔چوتھا نالہ نیو کٹاریاں تا عیدگاہ ہے جو سات کلومیٹر لمبا اور 18سے 20فٹ چوڑا ہے۔پانچواں نالہ کسی نیو ملپور ،کسی اصغر مال سکیم،کرتار پورہ،ہری پورہ،بابو روڈ،کوہاٹی بازار،مری روڈ،ملت کالونی،اتوار بازار اور ڈھوک الہی بخش کے علاقوں پر مشتمل ہے جو گیارہ سے پندرہ کلومیٹر لمبا اور 20سے25فٹ چوڑا ہے۔چھٹا نالہ ڈھوک کشمیریاں،صادق آباد،چراہ روڈ،سروس روڈ،کری روڈ،ڈھوک کھبہ،سے ہوتا ہوا ڈھوک الہی بخش آکر پانچویں نالے سے مل جاتا ہے اور اکھٹے ہوکر آریہ محلہ جاوید کالونی سے ہوتے ہوئے مری روڈ کراس کرکے نالہ لئی میں گرتا ہے اور سب سے زیادہ شہر میں تباہی اسی نالے میں طغیانی سے ہوتی ہے۔اسی نالے میں ایک نالہ سکس اے ہے جو بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے آکر راول روڈ پرچھٹے نمبر کے نالے میں شامل ہوتا ہے۔جو تین کلومیٹر لمبا اور 15سے20فٹ چوڑا ہے۔ساتواں نالہ محلہ وارث خان،ظفر الحق روڈ سے بنتا ہے جو ڈھائی کلومیٹر لمبا اور 18سے44فٹ چوڑاہے۔آٹھواں نالہ بوہڑ بازار،نشاط سنیما،کلاں بازار،راجہ بازار،امام باڑہ کرنل مقبول کے علاقوں پر مشتمل ہے جو دو کلومیٹر لمبا اور 15سے18فٹ چوڑا ہے۔نواں نالہ بنگش کالونی تا ضیا الحق کالونی پر مشتمل ہے جو ایک کلومیٹر لمبا اور 14سے18فٹ چوڑا ہے۔دسواں نالہ پولیس چوکی تا رتہ امرال ہے جو ادھے کلومیٹر کا ہے اور 18سے20فٹ چوڑا ہے۔گیارواں نالہ سید میر کالونی تا رتہ امرال ہے۔جو ادھا کلومیٹر لمبا اور 16سے20فٹ لمبا ہے۔بارہواں نالہ ڈھوک کالا خان،ایکسپریس وے اور سروس روڈ والا ہے جو ادھا کلومیٹر لمبا اور 12سے16فٹ چوڑا ہے۔ 
تازہ ترین