• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردم شماری میں تاخیر کی ذمہ دار وفاقی حکومت نہیں، احسن اقبال

اسلام آبا(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا  ہےکہ 2018 میں انتخابات کا انعقاد آئین کا تقاضا ہے -  اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ  مردم شماری میں تاخیر کی ذمہ دار وفاقی حکومت نہیں ہے - وفاقی حکومت مارچ 2016 میں مردم شماری کا بندوبست کر چکی تھی - التواء بلوچستان حکومت کے تحفظات اور سیکیورٹی کے تقاضوں کی بنا پہ ہوا - آخری مردم شماری 1998 میں مسلم لیگ ن حکومت کے دور میں ہی ہوئی  تھی - پاکستان کے مخصوص حالات کے پیش نظر سیکیورٹی تقاضے پورے کئے بغیر مردم شماری  نئی  پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہے - وفاقی حکومت کی ساکھ الحمدللہ  قائم ہے - جس کا ثبوت اس پر عوام کا بار بار اعتماد ہے - حالیہ ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات اس کا اظہار کر چکے ہیں - پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ دنیا کو پاکستان کے جمہوری نظام کے استحکام کا یقین دلایا جائے نہ کہ بے یقینی پھیلانے والے بیانات یا تبصرے کئے جائیں۔ پاکستان کو درپیش پیچیدہ انتظامی و سیاسی مسائل موجودہ حکومت کے پیدا کردہ نہیں ہیں بلکہ ماضی کی غیر آئینی حکومتوں کا ورثہ ہیں، ان مسائل کو حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ قومی ادارے یکسوئی اور آئینی تقاضوں کے مطابق ملکر ملک میں بہتر گورننس اور آئینی حکمرانی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور ایسے تبصروں سے گریز کریں جن سے ملک میں بے یقینی پھیلنے کے علاوہ اداروں کے درمیان بد اعتمادی پھیلنے کا احتمال ہو۔
تازہ ترین