مردان میں خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔کچہری کے باہر خود کش دھماکے میں تین پولیس اہلکاروں اور چار وکیلوں سمیت 13افراد شہید اور 35 زخمی ہوئے تھے۔
جمعہ کے روز امن دشمنوں اور دہشت گردوں نے مردان کونشانہ بنایا ۔خودکش حملہ آور نے ضلع کچہری کےگیٹ پر پہلے دستی بم پھینکا،پھر اندر گھسنے کی کوشش کی۔مگر گیٹ پر تعینات فرض شناس پولیس اہلکاروں خود کش بمبار پر فائر کھول دیے۔منصوبہ ناکام ہوتا دیکھ کر بمبار نے خود کو کچہری کے دروازے پر ہی اڑا لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دس بج کردس منٹ پر دھماکہ ہوتے ہی کچہری کے باہر بھی بھگدڑ مچ گئی اور لوگ خوف کے عالم میں ادھر اُدھر بھاگتے نظر آئے۔دھماکے میں حملہ آور کو روکنے والے تین پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوگئے۔
تحقیقات کے مطابق خو دکش حملہ آور نے آٹھ کلو بارودی مود سے بھری جیکٹ پہن رکھی تھی،خود کش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا۔
ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے خیبرپختونخوا میں دھماکوں کی مذمت کی ہے۔