• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مردان کےپی کے حکومت کی ناکای، سکیورٹی خطرات سے آگاہ کردیاتھا، چوہدری نثار

مردان(ایجنسیاں)وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی نے ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال مردان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ روز مردان کچہری خودکش دھماکے میں زخمی ہونےوالے افرادکی عیادت کی‘ انہوں نے مردان کچہری میں دھماکے کی جگہ کا معائنہ اور وکلاءسے تعزیت کااظہار بھی کیا‘بعدازاں بارروم میں وکلاءسے خطاب اور کمشنر آفس میں صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے چوہدری نثارنے کہاکہ سانحہ مردان کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے جس نے بار بار کے انتباہ کے باوجود کچہری کی سکیورٹی نہیں بڑھائی‘صوبائی حکومت کو سکیورٹی خطرات سے آگاہ کردیاتھا‘انٹیلی جنس رپورٹس پر خیبر پختونخوا حکومت کو عدالتوں کا نام لے کردو بار خطوط لکھے گئے‘واقعہ صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے‘ان کاکہناتھاکہ دہشتگردی کے خلاف بندوقوں اور توپوں کی لڑائی ہم جیت چکے ہیں‘ دہشتگردوں کو شکست ہوچکی ہے اور وہ بھاگ کرسرحدکے قریب چھپے ہوئے ہیں‘کوئی خوش فہمی میں نہ رہے کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ ختم ہوچکی‘ دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچاناہے‘ چھپے ہوئے دہشتگردوں اورانکے سہولت کاروں کا قلع قمع کرنا ہے‘پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں اور امریکا نوازی کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ٗ دہشتگرد اپنی مذموم کاررائیوں کے بعد افغانستان بھاگ جاتے ہیں ‘لیکن افغان حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی اور اگر ہم کو ئی کارروائی کریں تو شکایت کی جاتی ہے‘دہشتگرد ملک میں مایوسی اور افراتفری پھیلانے کےلئے مردان، پشاور ، بنوں ، صوابی اور دیگر مقامات پر آسان اہداف کونشانہ بنارہے ہیں تاہم وہ اپنے ان مذموم مقاصدمیں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔
تازہ ترین