راولپنڈی(نمائندہ جنگ)سانحہ مردان اور کوئٹہ کے خلاف پاکستان بار کونسل کی کال پر ملک بھر سمیت راولپنڈی ڈویژن کے وکلا نے بھی ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے سیکڑوں مقدمات کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی اور دور دراز سے آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ملک میں امن وامان کی صورتحال اور بالخصوص وکلا کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر شوکت رئوف صدیقی نے کہا کہ ضلع کچہری راولپنڈی میں بھی سیکورٹی کی صورتحال تسلی بخش نہیں اور ضلعی انتظامیہ لاتعداد بار توجہ دلانے کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ انجانے خوف میں مبتلا کئی خواتین وکلاء نے کچہری آنا چھوڑ دیا ہے ،انتظامیہ کی بے حسی کیخلاف ہائی کورٹ میں رٹ کریں گے اور اگر اس دوران خدانخواستہ کوئی افسوس ناک واقعہ رونما ہوگیا تو اس کی ذمہ داری بھی راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ پر ہوگی۔