• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاہر القادری کو عدالتی کمیشن جھوٹا ہو نے کا سرٹیفکیٹ دے چکا ، پرویزرشید

  اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری ایک عدالتی کمیشن سے جھوٹے ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کر چکے ہیں‘ عدالتی کمیشن سے جھوٹے ہونے کے سرٹیفکیٹ یافتہ شخص پاکستان کی عوام کو گمراہ نہیں کر سکتا‘ طاہر القادری جواب دیں کہ مسلسل جھوٹ اگلنے والی ان کی زبان کو دورہ بھارت میں تالا کیوں لگا‘ تیسری دفعہ منتخب ہونے والے پاکستان کے وزیراعظم پر الزام لگانے والے بھارت کے وزیراعظم کے گجرات کے مسلمانوں کے  وحشیانہ قتل اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف بات کرتے ہوئے طاہر القادری کو کیوں چپ لگ گئی تھی؟‘ کینیڈین پاسپورٹ اور تاج برطانیہ سے وفاداری کا حلف اٹھانے والا شخص کس منہ سے دوسروں پر غداری کا الزام لگاتا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں  وفاقی وزیر نے کہا کہ پانچ سال تک نواز شریف سفر کی سہولتوں سے اسی لیے محروم رہے کہ پرویز مشرف نے ان کے پاسپورٹ کی تجدید سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سے سفری سہولت حاصل کرنے کی آفر تھی مگر نواز شریف نے سبز پاسپورٹ کے سوا کوئی اور پاسپورٹ استعمال کرنا اپنی توہین سمجھا کینیڈین پاسپورٹ اور تاج برطانیہ سے وفاداری کا حلف اٹھانے والے شخص کس منہ سے دوسروں پر غداری کا الزام لگاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دراصل وہ عوام کی طرف سے دھتکارے جانے اور جھوٹے الزامات پر مبنی تحریک میں ناکامی کے بعد ایسے الزامات کا سہارا لے رہے ہیں جو ان کی اپنی ہی ذات پر پورا اترتے ہیں۔
تازہ ترین