پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندرحیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بے روزگاری کو صحیح معنوں میں ختم کرنے کیلئے فنی تعلیم و تربیت کے فروغ کو اپنی تر جیحات میں شامل کیا ہے تاکہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی نوجوان نسل کو با وقار روزگار کے مواقع میسر ہو ں اور ملک میں معاشی ترقی آنے کے ساتھ زرِ مبادلہ میں خاطر خوا اضافہ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع چار سدہ میں گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹرینگ سنٹر مرزا ڈھیر کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطا ب کے دوران کیا۔ منعقدہ تقریب سے وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد علی خان عمر زئی نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سیکرٹری صنعت وحرفت اور فنی تعلیم فرح حامد، تحصیل ناظم تنگی یحیٰ جان مہمنداوور تحصیل ناظم شبقدر ظفر علی خان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام اور مقامی بلدیاتی نمائندوں ،معززین اور عوام کثیر تعداد میں موجو دتھے۔ سینئر وزیر نے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ چارسدہ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کیمپس کا قیام بھی عمل میں لایا جائیگا جس پر تقریبا ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی وی سی مرزا ڈھیر میں جلد بی ٹیک کے کورسز شروع کئے جا ئینگے اس سنٹر کے قیام کیلئے نئی بلڈنگ کی تعمیر پر تقریبا 18کروڑ 57لاکھ روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے قیام سے سالانہ تقریبا300نوجوانوں کو فنی تر بیت سے ہمکنار کیا جائے گا۔جو کہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں ایک سنگ ِ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ مذکورہ سنٹر کا قیام موجودہ مخلوط صوبائی حکومت کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس علاقے میں تر قی کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں اس طرح کے اداروں کا جال بچھایا جائے گاتاکہ یہاں پر با مہارت ہنر مندوں کی کمی نہ ہواور وہ اپنے لئے باعزت روزگارتلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سنٹر میں گھریلو الیکڑیشن، پلمبر،ویلڈنگ،کمپیوٹر ٹریینگ ، سول سروئیر اور ٹیلرنگ کے کورسز پڑھائے جائینگے اور اس میں تقریبا 23افراد کو روزگار ملے گا۔ قبل ازیں سینئر صوبائی وزیر سکندر شیرپائو نے ارشد عمر زئی کے ہمراہ نئے سنٹر کا با ضابطہ طور پر افتتاح کیا۔