• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینس اسٹار وینس ولیمز واڈا میڈیکل ریکارڈ کی چوری پر مایوس

لاس اینجلس ( جنگ نیوز) سابق نمبر ون امریکی ٹینس کھلاڑی وینس ولیمز نے روسی ہیکر کے ان کے اور کچھ دیگر امریکی کھلاڑیوں کے واڈا ریکارڈ چوری کرنے کے واقعے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ڈوپگ اینٹی ایجنسی کے کھلاڑیوں سے منسلک میڈیکل ڈیٹا کے روسی ہیکرز کی طرف سے چوری کئے جانے کے معاملے میں وینس کے علاوہ ان کی چھوٹی بہن سرینا ولیمز، امریکی خاتون جمناسٹ سائمون بائلز اور خاتون باسکٹ بال کھلاڑی ایلينا ڈیلے ڈونے بھی شامل ہیں ۔ وینس کہتی ہیں کہ مجھے یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ میرا ذاتی میڈیکل ڈیٹا ہیکرز نے چوری اور میری اجازت کے بغیر جاری کردیا ہے ۔ جاری کئے گئے ان ریکارڈز کے مطابق ولیمز سسٹرز نے واڈا سے چند دوائوں کے استعمال میں رعائت طلب کی تھی ۔ تاہم اس درخواست کو ڈوپنگ نہیں مانا جاتا۔ انہوں نے کہا ٹینس ڈوپنگ اینٹی پروگرام کے تحت ہمیں سخت قوانین پر عمل کرنا پڑتا ہے اور میں نے صرف سنگین صورت حال میں مخصوص دوا لینےکی اجازت مانگی تھی ۔ میں کھیلوں میں ڈوپنگ کی مخالفت کرنے والوں میں سب سے آگے ہوں ۔ واضح رہے کہ روسی ہیکرز نے دعویٰ کیا تھا کہ واڈا امریکی کھلاڑیوں کو ڈوپ قوانین کی خلاف ورزی کی چھوٹ دے رہا ہے۔
تازہ ترین