لندن ( جنگ نیوز ) یورپا فٹبال لیگ کے میچز میں فینورڈ اور سائوتھمپٹن نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں۔ فینورڈ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو 1-0 اور سائوتھمپٹن نے اسپارٹا کی ٹیم کو 3-0 سے دھول چٹا دی ۔یورپا لیگ میں ہونے والے پہلے میچ میں فینورڈ کا مقابلہ مانچسٹر یونائیٹڈ کیساتھ ہوا۔ میچ کے پہلے ہاف تک دونوں ٹیمیں بھرپور کوشش کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں۔ دوسرے ہاف میں چھوٹی ٹیم فینورڈ نے بڑی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کیخلاف زبردست پرفارمنس دی۔ انہوں نے 78 ویں منٹ میں گول داغ کر برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ ایونٹ میں ہونے والے ایک اور میچ میں سائوتھمپٹن اور اسپارٹا کی ٹیمیں میدان میں اتریں۔ سائوتھمپٹن نے میچ کے آغاز سے ہی اچھا کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ انہوں نے وقفے وقفے سے تین مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ حریف ٹیم ایک بھی گول داغنے میں ناکام رہی۔مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم کو گزشتہ 6 دنوں میں یہ دوسری بار شکست ہوئی اس سے قبل اسی پریمئیر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو مانچسٹر سٹی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی ۔ تین بار کی یورپیئن چیمپئن انٹر میلان کی ٹیم نے اسرائیل کلب ہیپوئل بئیر شیوا کو انہی کی سر زمین پر 2-0سے شکست دی ۔ بئیر شیوا کی ٹیم گزشتہ ماہ سیلٹک سے بھی شکست کھا چکی ہے ۔