اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم میاں نواز شریف کی مداخلت پر مختلف ممالک سے دین کی تعلیم کے لئے آنے والے 24 غیر ملکی نو مسلم طلباء کو ڈسٹرکٹ جیل گجرات سے رہا کردیا گیا،ہوم ڈیپارٹمنٹ کے حکم پر پولیس نے ان طلباء کیخلاف زائد مدت تک قیام کے الزام میں درج ہونے والا مقدمہ بھی واپس لے لیا طلباء کا جیل کے باہر چار سو سے زائد علماء دینی مدارس کے طالبعلموں اور شہریوں نے والہانہ استقال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ۔ تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت نے کچھ عرصہ قبل چین ، سوڈان ، فلپائن ، انڈونیشیا قازقستان اور ترکی کا تبلیغی دورہ کیا جہاں متعدد غیر مسلم دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے ان ممالک سے مجموعی طور پر 24 طلباء دین کی تعلیم حاصل کرنے پاکستان آگئے جنہیں گجرات کے قریب مکی مسجد میں رکھا گیا جہاں وہ مختلف اساتذہ کی زیر نگرانی تعلیم حاصل کررہے تھے، چند روز قبل گجرات پولیس نے ان طلباء کو اچانک حراست میں لے لیا جس پر مدرسے کی انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ ویزے کی معیاد میں اضافہ کیلئے ڈی سی او گجرات کو درخواست دے دی گئی ہے جہاں سے جلد منظوری آجائیگی، اسلئے غیر ملکی طلباء کو چھوڑا جائے لیکن پولیس نے ان طلبا کیخلاف تھانہ لاری اڈا میں زائد مدت قیام کے الزام میں مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھجوادیا۔