لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قصور کے نواحی دیہات میں خناق کے مرض کے باعث گزشتہ چندروز کے دوران 5بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس ضمن میں مرض پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اوربچوں کو ویکسینیشن کا کام جلد سے جلدمکمل کیا جائے۔محکمہ صحت کی ٹیمیں علاقے میں متحرک ہوکرفرائض سرانجام دیں اور مرض پر قابو پانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مرض پھیلنے کے حوالے سے ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اوراس ضمن میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیاجائے اوران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے زندگی کے ہر شعبے میں میرٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اورپنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کے باعث کم وسائل رکھنے والے طلبا و طالبات امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کررہے ہیں ۔ پنجاب حکومت پاکستان کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری کر رہی ہے ۔وہ گزشتہ روز نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ امتحانی نظام ،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،خود روزگار سکیم،چیف منسٹرز چائینیز لینگویج سکالرشپ پروگرام ، شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اوردیگر پروگراموں میں صرف اورصرف میرٹ کو بنیاد بنایاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ اور ذہین طلباء و طالبات کیلئے اعلی تعلیم کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں اور اس فنڈ کا حجم 17 ارب روپے ہو چکا ہے جس سے ڈیڑھ لاکھ کم وسیلہ ہونہار طلباء و طالبات کو وظائف دیئے جا رہے ہیں جبکہ مزید 50 ہزار طلباء و طالبات کو وظائف دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ میرٹ پالیسی کا کمال ہے کہ آج جھگیوں میں رہنے والی قوم کی بیٹی بھی اپنی محنت کے بل بوتے پر شاندار نمبر حاصل کر کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن لیتی ہے جبکہ مزدوروں اورمحنت کشوں کے وہ بچے و بچیاں جو مشکل حالات میں پڑھائی کرتے ہیں وہ بھی امتحانات میں ٹاپ کررہے ہیں اور اشرافیہ کے بچوں کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کرنا ہے تو آئیے میرے ساتھ ملکرتعلیم عام کرنے کیلئے مارچ کریں،میرٹ کو فروغ دینے کیلئے مارچ کریں۔نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مارچ کریں لیکن پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا راستہ روکنے کیلئے مارچ کرنا عام آدمی کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے اور پاکستان کے باشعور عوام کسی ایسے مارچ کا ساتھ نہیں دیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے گزشتہ روزچیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی،جس میں پن بجلی کے توانائی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کررہی ہے ۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے روایتی ذرائع کیساتھ متبادل ذرائع سے بھی بجلی کے حصول کے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔2017 کے اختتام پرتوانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔