حب (نامہ نگار) خضدار میں دو روز قبل لیویز نے بی این پی کے دورہنماؤں کو لیویز کے ساتھ ہاتھا پائی کے الزام میں گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا تھا جس کے بعد بی این پی عوامی کے درجنوں کارکنوں نے پولیس تھانہ سٹی میں دھرنا دیکر رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے لیویز اہلکاروں اور دیگر انتظامی افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ بعد ازاں بی این پی عوامی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر بی این پی کے ضلعی آرگنائزر ڈاکٹر حضوربخش زہری،ڈپٹی آرگنائزر حاجی نور الدین چٹھہ شہری ایکشن کمیٹی کے رہنماء ماسڑ عبدالخالق غلامانی،کونسلر میونسپل کارپوریشن صمد کرد، بابو پیرجان مینگل و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیویز نے بی این پی عوامی کے کارکنوں کو بلاجواز تشدد کا نشانہ بنایا اور مسلسل کئی گھنٹے تک لیویز حوالات میں رہنماؤں پر انسانیت سوز تشدد کیا جاتا رہا۔گرفتار رہنماء خضدار کے معزز اور شریف خاندان سے تعلق رکھتے ہیں انہیں سر عام تشدد کا نشانہ بناکر ان کی تذلیل کی گئی جو کہ نا قابل برداشت ہے۔بی این پی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ رہنماؤں پر تشدد میں ملوث لیویز اہلکاروں اور افسران کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے۔