• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خضدار میں جے یو آئی کے زیراہتمام کانفرنس اہم ثابت ہوگی

حب (نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر مولانا فیض محمد نے کہاہے کہ جے یوآئی کے زیر اہتمام 16اکتوبر کو خضدار میں منعقدہ امن کانفرنس جمہوریت ، رواداری ، ملکی امن واستحکام اور اسلامی اقدار کے تحفظ میں اہم ثابت ہو گی۔ کارکن کانفرنس کی کامیابی کے لئے اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پر تیاریوں کو مزید تیز کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ علوم الشرعیہ کوشک خضدار میں جے یوآئی کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں جے یوآئی کے صوبائی نائب امیر مولانا غلام قادر قاسمی ، مفتی عبدالقادر شاہوانی ، مولانا بشیراحمد عثمانی ودیگر ضلعی اور صوبائی رہنماء موجود تھے ۔ اجلاس میں 16اکتوبر کوخضدار میں ’’امن کانفرنس‘‘ کی تیاریوں کے لئے کمیٹی و اراکین کا انتخاب اور دیگر معاملات کے بارے میں مشاورت کی گئی۔جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر و شیخ الحدیث و شیخ القرآن مولانا فیض محمد اور صوبائی نائب امیر مولانا غلام قادر قاسمی کا کہنا تھا کہ ایک عرصہ بعد جھالاوان کی سرزمین پر جمعیت علمائے اسلام بڑے لیول کا جلسہ کرنے جارہی ہے جس سے جے یوآئی کے قائد مولانا فضل الرحمن و چاروں صوبوں کی قیادت خصوصی طور پر شرکت کریگی ۔16اکتوبر کو خضدار میں ہونے والے کانفرنس کو ’’امن ‘‘کے نام سے منسوب کرنے کا مقصدبھی یہی ہے کہ ہم اپنے صوبہ و ملک میں امن کے لئے ماحول کو سازگار بنائیں ۔عالمی قوتیں آئے روز اپنے حربوں کے ذریعے پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کے خلاف سازشیں کررہی ہیں ۔ یہ اسلام دشمن قوتیں مسلم ممالک میں خود ساختہ جنگ شروع کرکے مسلمانوں کا بے دردی سے قتل عام کررہی ہیں ۔ حالیہ دنوں میں امریکہ اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ ایک بڑے خطرے کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے ان کے مذموم و شیطانی عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اتحادو اتفاق اور ایک مضبوط قوم بننے کے لئے ہمیں پہلے سے بھی زیادہ اپنا کردار ادا کرناچاہئے ۔ ہمیں ایسے اقدامات کرنے ہونگے کہ ہم اپنے ملک کو نہ صرف امن کا گھوارہ بنائیں بلکہ یہاں سرمایہ کاری کے لئے پُرامن فضاء پید ا کردیں ملکی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے خصوصی حکمت عملی اپنائیں۔
تازہ ترین