• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ:مرتضیٰ بھٹو قتل کیس کی ازسرنو تحقیقات کی جائے،غنویٰ بھٹو

لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی ( شہید بھٹو) کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ نواز شریف کرپٹ ہیں اور ان پر الزامات لگانے والے سیاستدان بھی کرپٹ ہیں۔ وہ منگل کی دوپہر گڑھی خدا بخش میں پارٹی کے بانی چیئرمین میر مرتضیٰ بھٹو کی 20ویں برسی کے موقع پر مرکزی تعزیتی جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان مظاہرے اور مارچ تو کرتے ہیں لیکن غریب عوام کو انصاف دلانے کے لئے کوئی اقدام نہیں کرتے۔ میر مرتضیٰ بھٹو اور ملک کے غریب عوام کو اب تک انصاف نہیں مل سکا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جسٹس ناصر اسلم زاہد کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کی از سرنو تحقیقات کی جائیں۔اب نوجوانوں کا وقت ہے انہیں میر مرتضیٰ بھٹو کو انصاف دلانے کے لئے آگے آنا ہو گا۔ اگر یہ خود کو بے بس سمجھیں گے تو میں اور میر مرتضیٰ بھی خود کو بے بس سمجھیں گے۔پاکستان بنانے میں صرف امیروں نے حصہ نہیں لیا تھا بلکہ غریبوں نے بھی حصہ لیا تھا اور تیس لاکھ غریبوں نے پاکستان کے لئے اپنی جانوں کو قربان کیا تھا۔آج سب کے یوم منائے جاتے ہیں لیکن ان تیس لاکھ غریبوں کا کوئی یوم نہیں منایا جاتا۔گڑھی خدا بخش کا مزار ان سب غریبوں کا نشان ہے۔ میں جب بھی مرتضیٰ بھٹو کی قبر پر فاتحہ خوانی کرتی ہوں تو میں ان تیس لاکھ شہیدوں کے لئے بھی فاتحہ خوانی کرتی ہوں۔پاکستان اور انڈیا کے حکمران سامراج کے غلام ہیں۔دونوں ملکوں کےحکمران ایک جیسے ہیں تو ان ملکوں کے مظلوم عوام بھی ایک جیسے ہیں۔دونوں ملکوں کے حکمران عوام  دشمن ہیں۔سیاسی پارٹیوں کے منشور باہر کی دنیا کو دکھانے کے لئے ہیں اور باہر کی دنیا کے ایما پر ہی یہ منشور لکھے گئے ہیں۔بھارتی حکومت کشمیریوں پر جو مظالم کر رہا ہے اس پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔ کشمیری تحریک کے اہم رہنما افضل گرو کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا مگر کسی نے کوئی آواز بلند نہیں کی۔ کسی سے اتحاد کرنے کے بجائے عوام سے اتحاد کریں گے۔ملک کے عوام ہی ہمیں انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔قبل ازیں پیپلز پارٹی ( شہید بھٹو) کے مختلف رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ 
تازہ ترین