راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صوبے کے تمام اہم مقامات پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات اور پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ علمائے کرام محرم الحرام کے دوران قیام امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تاکہ مذہبی منافرت اور بدامنی پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ صوبے میں علمائے کرام پر مشتمل امن کمیٹیوں کو مزید اختیارات دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ ضلعی سطح پر نفرت اور شرانگیزی پھیلانے والوں کا محاسبہ کر سکیں، ضلعی انتظامیہ او رپولیس کے تعاون سے امن و امان کی فضا قائم کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کابینہ کمیٹی کےخصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جوان کی زیر صدارت راولپنڈی میں ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید، آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا ہوم سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلمان , کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود آر پی او فخر وصال سلطان راجہ , ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل , سی پی او اسرار احمد عباسی , پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل , اراکین پنجاب اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ , شوکت عزیز بھٹی , راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز , پولیس افسران , تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام , ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین و انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر محرم الحرام کے دوران صوبے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی روک تھام , انتظامیہ و سکیورٹی اداروں کی طرف سے ملک دشمن عناصر کی مذموم کارروائیوں پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ علم تعزیہ اور ذوالجناح کے جلوسوں کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ محرم الحرام کے تقدس کو قائم رکھنے کیلئے جلوسوں کے مقررہ روٹس پر عزاداروں کو ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کرنے اور امام بارگاہوں اور ان کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہمہ وقت چوکس رہ کر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی کے اراکین صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کر رہے ہیں اور امن قائم کرنے کیلئے علمائے کرام کی مشاورت سے حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید نے کہا کہ صوبے کے انتظامی افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں اور ضلع اور سب ڈویژن کی سطح پر محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ محکموں کے تعاون سے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظرمیں پولیس افسران اور جوانوں کو ہر سطح پر خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اس موقع پر سید خان حسین , محمد الحسن توحیدی , مسعود الحسن , قاری محمد عمر, سید ریاض شیخ , سید چراغ الدین شاہ , شوکت جعفری اور دیگر علمائے کرام نے اظہار خیال کے دوران اتحاد و اتفاق کی اہمیت پر زور دیا اور انتطامیہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔