اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویزالقادر میمن نے لال مسجد کے سابق خطیب عبد الرشید غازی قتل کیس کے مفرور ملزم پرویزمشرف کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو بھیجتے ہوے ملزم پرویزمشرف کو گرفتار کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ ایس ایس پی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مفرور ملزم کی جائیداد ضبط کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کی جانب سے عبدالرشید غازی قتل کیس کے ملزم پرویزمشرف کی جائیداد ضبط کرنے کیلئے وارنٹ ایس ایس پی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھیجے گئے تاہم ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو ملزم کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھیجے گئے جو کہ ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو موصول ہو گئے ہیں، وارنٹ میں عدالت نے ملزم پرویزمشرف کو گرفتار کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کا حکم دیا ہے، ایس ایس پی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھیجے گئے وارنٹ میں مفرور ملزم کی جائیداد ضبط کر کہ تاحکم ثانی اپنے قبضے میں رکھنےکا حکم دیتے ہوے مفرور ملزم کی جائیداد کی نیلامی کے حوالے سے طریقہ کار وضع کرکے عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔