• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کو’’ را‘‘ کی سرگرمیوں پر بھی توجہ دلانی چاہئے تھی، پی ایس پی

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاک سرزمین پارٹی پاکستان کے بعد برطانیہ میں بھی تیزی سے عوامی پزیرائی حاصل کر رہی ہے، لوگ جوق درجوق اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ برطانیہ میںPSP خواتین ونگ کے لئے نایاب عزیز کو آرگنائز اور دیگر دس خواتین کو ان کے ساتھ کمیٹی ممبرز کے لئے نامزد کردیا گیا۔22اگست کوMQM کے قائد کے پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ کے بعدPSP پر بھاری ذمہ داریاں آن پڑیں، لوگوں کو مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی شکل میں محب وطن لیڈر شپ میسر آگئی۔ وزیراعظم کے UNO میں خطاب کو خوب سراہا گیا اور کہا گیا کہ کیا ہی اچھا ہوتا اگر وزیراعظمUNO کے فلور پر ’’را‘‘ پر بھی بات کرتے۔ ’’را‘‘ کی کراچی میں بدامنی کی سرگرمیوں پر توجہ دلاتے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر الطاف شاہد، جنرل سیکرٹری غلام نبی عامر، سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد سرور، فرحان راجہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات و ذرائع ابلاغ مرزا فیصل محمود، برمنگھمPSP کے محمد علی، امیر فیصل عظیمی میمن کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مرکزی صدر الطاف شاہد نے مزید کہا کہPSP برطانیہ کے لئے تاریخی دن ہے، پہلی بار برطانیہ سےPSP کی خواتین ونگ کے لئے نایاب عزیز کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے ہمراہ سمیرہ ریحان، فائزہ درانی، صدف، تہمینہ شاہد، رضیہ بیگم، سمینہ مرزا، عزرا سلطانہ، نائلہ اصغر، ذکیہ خلجی، وجیہہ عثمان، سائرہ اختر، سادیہ شاہ کو ممبران نامزد کیا گیا ہے۔ اب یہ خواتین برطانیہ بھر کے مختلف شہروں سے PSP کی خواتین کو متحرک کریں گی ایک دو ماہ تک خواتین کی مرکزی تنظیم اور شہروں کی مختلف تنظیموں کو مکمل کرکے PSP بڑا کنونشن کرے گی۔ جنرل سیکرٹری غلام نبی عامر نے کہا کہ آج PSP کی ممبر سازی کا آغاز بھی کردیا۔ پہلے ہی دن250سے زائد ممبران نے ممبر شپ حاصل کی۔ پاکستان کے بعد برطانیہ میں PSP کو ملنے والی پذیرائی، پارٹی قیادت مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی کی پالیسیوں اور جرأت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ سینئر نائب صدر فرحان راجہ نے کہا کہ پی ایس پی برطانیہ چیرٹی ڈنر کرے گی جس کی رقم فلاحی کاموں میں خرچ کی جائے گی۔ پاک سرزمین پارٹی کے برطانیہ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نشر و اشاعت اور برمنگھم کے صدر مرزا فیصل محمود نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کو اقوام متحدہ میں پاکستان خصوصاً کشمیر اور کشمیریوں کا حقیقی موقف پیش کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ پی ایس پی برمنگھم کے جنرل سیکرٹری محمد علی نے کہا کہ پی ایس پی سوشل میڈیا نے انقلاب برپا کر دیا ہے، نئے شامل ہونے والے انجینئر عبدالعزیز خان حیدرآبادی نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان مجھے موقع دے تو میں پانی کی کمی سمندر کے پانی کو میٹھا بنا کر پورا کر سکتا ہوں۔ عبدالعزیز نے کہا کہ ہم بہت سے پروگرامز پاکستان میں شروع کریں گے جس سے بے روزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین