• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ اوقاف و امور دینیہ کو ختم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،علما

باغ (نامہ نگار)محکمہ اوقاف و امور دینیہ کو ختم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، یہ محکمہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان نے قائم کیا تھا اب اس محکمے کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں ، منظم سازش کے ذریعے محکمہ کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ، اس محکمہ کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے اس وقت تک سات اضلاع میں ڈسٹرکٹ مفتی کی آسامیاں خالی ہیں جن پر نا تو کسی کو ترقیاب کیا جا رہا ہے اور نہ ہی تقرری کی جا رہی ہے جبکہ سات سے زائد تحصیلوں میں تحصیل مفتی کی آسامیاں بھی پر نہیں کی جا رہی ہیں جو مفتی حضرات اپنی سروس مکمل کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو چکے ہیں انکی فراغت کا آرڈر تک جاری نہیں کیا جا رہا ہے جس پر آزاد کشمیر اور باغ کے علمائے کرام سراپا احتجاج ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار باغ کے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جن میں مولانا عبدالروف ، مولانا عبدالقدوس ، مولانا محمد امتیاز ، مولانا عطا الرحمن ، مولانا وقار و دیگر شامل ہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ امور دینیہ و اوقاف میں خالی آسامیوں کو فوری پر کیا جائے اور باقی اداروں کیطرح اس حکومتی ادارے کو بھی فعال کیا جائے۔
تازہ ترین