نئی دہلی (جنگ نیوز ) بھارت نے جہاں اُڑی حملے کا بہانہ بناکر کنٹرول لائن پر جارحیت میں اضافہ کیا ہے وہیں کھیلوں کو بھی سیاست اور کشیدگی کی نذر کرتے ہوئے وار کردیا ہے ، بھارت پاکستان کبڈی ٹیم کو بلائے گا نہ ہی اپنی بیڈ منٹن ٹیم پاکستان بھیجے گا ۔ بھارتی پنجاب کی کابینہ کے وزیر سکندر سنگھ ملوکہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو سیکورٹی نہیں دے سکتے جبکہ بھارتی بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اکھی لیش داس گپتا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی بیڈ منٹن سیریز کا بائیکاٹ کرتے ہیں اور بھارتی حکومت کے فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے کھیل پر ایک اور وار کردیا ہے اور اگلے ماہ ہونے والے عالمی کبڈی کپ میں پاکستان کو شرکت کیلئے دعوت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اس بات کا انکشاف آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر اور بھارتی پنجاب کی کابینہ کے وزیر سکندر سنگھ ملوکہ نے کیا۔ بھار ت کی سرکاری خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق سکندر سنگھ نے کہا کہ نام نہاد سرجیکل سٹرائیکس کے بعد پیدا شدہ صورتحال میں وہ پاکستان کی ٹیم کو سیکورٹی نہیں دے سکتے جس کی وجہ سے اگلے ماہ کی تین تاریخ سے شروع ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کیلئے پاکستان کو دعوت نہیں دی جائے گی۔