کراچی (اسٹاف رپورٹر) طویل عرصے بعد ملک کے بعض اداروں نے اپنی ہاکی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ تین ادارے فوری طور پر ہاکی کے بے روزگار کھلاڑیوں کو ملازمت کی فراہمی پرتیار ہوگئے ہیں جبکہ کچھ اداروں نے پی ایچ ایف کو یقین دلایا ہے کہ وہ جلد اپنے اداروں میں ہاکی ٹیموں کو بحال کردیں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی ترقی اور بحالی کیلئے اپنی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈومیسٹک ایونٹس میں جونیئر اور سینئر سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والے 80 ہاکی کھلاڑیوں کو میرٹ پر مختلف اداروں میں نوکریاں دینے کیلئے تمام معاملات کو حتمی شکل دیدی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر ( ر ) خالد سجاد کھوکھرپچھلے ایک سال سے ہاکی کھلاڑیوں کو مختلف اداروں میں روز گار فراہم کرنے میں کوشاں تھی جس میں فیڈریشن بڑی حد تک کامیاب ہو گئی ہے اور اس حوالے سے سوئی نادرن گیس ، فوجی فاونڈیشن اور زرعی ترقیاتی بنک کیساتھ کھلاڑیوں کو نوکریاں دینے کے حوالے سے معاملات طے کر لئے گئے ہیں جس کے تحت پہلے مرحلے میں 40 کھلاڑیوں کو مختلف اداروں میں نوکریاں دی جائے گی۔ اس ضمن میں فیڈریشن کی پالیسی بھی واضح ہے کہ کسی کے رشتہ دار یا عزیز کو نہیں نوازا جائے گا جبکہ جو بھی اہل پلیئر ہو گا اسے روز گار دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں جائینگے۔ کھلاڑیوں کو روز گار دینے کیلئے پہلے مرحلے میں مختلف اداروں کو ایک لسٹ بھجوائی گئی ہے جس پر جلد پیش رفت ہو گئی اور قومی پلیئرز اس حوالے سے جلد خوشخبری سنیں گے۔ واضح رہے کہ ماضی میں مختلف اداروں کی جانب سے ہاکی کی ٹیمیں ختم کئے جانے کے باعث بڑی تعداد میں ہاکی کھلاڑیوں کو بے روز گاری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔