اسلام آباد( طاہر خلیل)ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سے ملاقات کی اور انھیں قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر بریفنگ دی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو موحودہ جیو سٹرٹیجک صورت حال کے تناظر میں سینیٹ ہول کمیٹی میں بریفنگ کے لیے دعوت دی گئی تھی مگر وہ شہر میں نہ ہونے کی وجہ سے بریفنگ نہ دے سکے تاہم اجلاس سے قبل ان کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے ملک کی داخلی سلامتی کو یقینی بنانے ،’’را‘‘ اور دیگر ملک دشمن ایجنسیوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے اٹھائے گیے اقدامات پر بریفنگ دی اور کومبنگ اپریشنز کے نتائج کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایسے تمام اپریشنز بلا امتیاز ہو رہے ہیں اور دہشت گردی کے کئی واقعات کو ناکام بنایا گیا ہے۔چیئرمین رضا ربانی نے آئی ایس آئی کے کردار اور کامیابیوں کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں قومی سلامتی کے اداروں کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ گئی ہیں۔