ملتان ،وہاڑی ،کروڑ لعل عیسن ( سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ ،نامہ نگاران)شہر میں فول پروف سکیورٹی کے لئے گزشتہ روز ملتان پولیس نے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیاجبکہ فوجی دستے بھی لیہ پہنچ گئے،وہاڑی میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی تفصیل کے مطابق ملتان پولیس کی جانب سے تمام جلوسوں اور مجالس کے لئے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔آج08محرم الحرام بروزسوموارضلع ملتان میں کل86جلوس برآمد ہوں گے نیز186مجالس منعقد کی جائیں گی جن میں سے 15جلوس اور48مجالس اے کیٹگری کے ہوں گے۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد احسن یونس کی سرپرستی اورایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان کی زیر نگرانی تمام ڈویژنل ایس پی صاحبان اپنے اپنے ڈویژن میں محرم سیکیورٹی کی نگرانی کریںگے اور وقتاً فوقتاً ڈیوٹی پر تعینات افسران اور اہلکاروں کو بریف کریں گے ۔ علاوہ ازیں شہر میں فول پروف سیکورٹی کے لئے گزشتہ روز ملتان پولیس نے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا ۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان محمداحسن یونس کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز نے خصوصی طورپرفلیگ مارچ کے حوالہ سے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کےدوران امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کووارننگ اور شہریوں کو تحفظ کا احساس دینے کیلئے فلیگ مارچ بہت ضروری ہے۔ہم جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ فلیگ مارچ میں رینجر ، پاک آرمی اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔فلیگ مارچ کاآغاز بمقام پولیس لائن ملتان سے چوک کچہری ، MDAچوک، پل واصل ، چونگی نمبر01، غوث اعظم روڈ ، کینٹ بازار، بامن جی چوک ، عزیز ہوٹل ، لکڑ منڈی چوک ، چوک شہیداں ، حرم گیٹ چوک، پاک گیٹ چوک، خونی برج چوک، چونگی نمبر14، ممتازا ٓباد مارکیٹ ، چوک منظور آباد ، حافظ جمال روڑ، دولت گیٹ ، علی چوک، معصوم شاہ روڈ جان محمد چوک ، چوک قذافی ، رشید آباد چوک، چونگی نمبر09، گول باغ گلگشت ، گردیزی مارکیٹ ، گلگشت ،چونگی نمبر9، حضوری باغ روڈ ، گھنٹہ گھر، چوک کچہری سے پولیس لائن ملتان میں اختتام پزیر ہو ا۔ کوٹ سلطان میں بھی مقامی پولیس کے علاوہ پاک فوج کے دستے بھی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے کے لئے پہنچ گئے ،پولیس ذرائع کے مطابق کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں ۔ دریں اثنا کروڑ لعل عیس اور وہاڑی میں نویں اور دسویں محرم کو ضلع بھر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دیگئی ہے جبکہ ڈی پی او لیہ کیپٹن محمدعلی ضیاء نے کہا ہے کہ کروڑ لعل عیسن میں محرم الحرام کے جلوسوں کی جدید سسٹم ڈرون کیمرہ سے مانیٹرنگ کی جارھی ھے دریں اثناء ڈی سی او زید بن مقصود نے ضلع خانیوال کی ریونیو حدود میں دفعہ 144کے تحت 9اور10محرم الحرام کے دنوں میں مجالس اور جلوس کے سوا پانچ یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر ،گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہونے اور ایسی ہر سرگرمی جس سے امن وامان کا مسئلہ پیدا ہو اور موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کرنے پر پابندی عائدکردی ہے،وردی میں ملبوس پولیس اور مسلح افواج کے جوان ،بزرگ ،12سال سے کم عمر بچے ،قومی شناختی کارڈ اور شناخت رکھنے والے صحافی اس حکم نامے سے مستثنیٰ ہونگے۔