سانگھڑ (نامہ نگار) ضلع سانگھڑ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنےکے لیے سانگھڑ پولیس نے سیکورٹی پلان جاری کردیا ہے۔ ایس ایس پی سمع اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے سلسلے میں سانگھڑ سمیت ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں میں کل ایک سو 26 جلوس نکالے جائیں گے جبکہ دو سو 65 مجالس منعقد ہونگی جن کی حفاظت کے لیے دو ہزار پانچ سو پولیس اہلکار رینجرز کے چار سو جوان متعین ہونگے جبکہ ہنگامی مدد کے لیے آرمی کی ایک کمپنی بھی اسٹینڈ بائی ہوگی تین سو رضا کار بھی اس دوران خدمات انجام دیں گے۔ شر پسندی کو روکنے کے لیے سادہ لباس پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے 10 محرم کو ضلع بھر میں 48 حساس جلوسوں کی سیکورٹی رینجرز اور پولیس مشترکہ طور سے انجام دے گی۔ سانگھڑ شہداد پور اور ٹنڈوآدم میں دو دو امام بارگاہوں کو گنجان آبادی میں ہونے کے باعث حساس قرار دیا گیا ہے 10 محرم کی شب 12 بجے جلوسوں کے راستوں میں واقع دکانوں کو بند جبکہ اطراف کی گلیوں کو سیل کردیا جاے گا۔