سانگھڑ (نامہ نگار ) جمڑاو کینال سے نکلنے والی دم کینال میں زرعی پانی کی شدید قلت کے باعث سیکڑوں ایکڑ اراضی پر لگی ہوئی گنا، چاول اورسبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ دم شاخ پر آباد ہونے والے باغات بھی خشک سال کا شکار ہورہے ہیں۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں پانی کی فراہمی نہ کی گئی تو ان کی تیار فصلیں مکمل تباہی سے دوچار ہوسکتی ہیں۔ حالیہ بھل صفائی کے دوران دم شاخ کی کھاٹی کے دوران درست کھدائی نہ ہونے کے باعث نہر کی سطح آب متاثر ہوئی ہے اور اس طویل نہر میں پانی کئی مقامات پر فصلوں کی خشک سالی اور کئی مقامات پر فصلوں کے ڈوبنے کا باعث بن رہا ہے۔ کاشتکاروں کا مطالبہ ہے کہ محکمہ ایری گیشن صورتحال کا نوٹس لےاور ٹیل میں پانی کی زیادتی اور نہر کے بالائی حصوں میں پانی کی قلت کا ازالہ کرے بصورت دیگر دونوں صورتوں میں کاشکاروں کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔